رسائی کے لنکس

بلوچستان میں اسکول پرنسپل ساتھی سمیت قتل


امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث بعض اسکول بند بھی کیے جا چکے ہیں۔ (فائل فوٹو)
امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث بعض اسکول بند بھی کیے جا چکے ہیں۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے شہر خضدار میں مسلح افراد نے اتوار کو ایک سرکاری پرائمری اسکول کے پرنسپل اور اُن کے ایک ساتھی کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

پولیس اور انتظامیہ کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ اسکول پرنسپل عبدل لطیف اپنے ساتھی سمیت مسجد روڈ سے پیدل گزر رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے اُن پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے وہ دونوں موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم اُن کی تلاش کی جا رہی ہے۔

فوری طور پر کسی نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن ماضی میں بلوچستان میں سرگرم عسکریت پسند شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد کو تشدد کی کارروائیوں کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

بلوچستان میں امن کو امان کی بگڑتی ہوئے صورتحال کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں تعینات اساتذہ نے اپنا تبادلہ نسبتاً محفوظ سمجھے جانے والے شہر کوئٹہ میں کرا لیا ہے جب کہ دوسرے صوبوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اپنے علاقوں کو واپس جانے کے خواہاں ہیں۔

نیویارک میں قائم انسانی حقوق کی علمبردار تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بلوچستان پر رواں ماہ اپنی ایک تحقیقی رپورٹ میں کہا تھا کہ تشدد کے واقعات میں اضافے سے بلوچستان میں تعلیم کے مستقبل کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

XS
SM
MD
LG