پاکستان اور انگلینڈ کےدرمیان کراچی میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پہلے روز کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر سات رنز بنا لیے تھے۔
کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو عبداللہ شفیق آٹھ رنز بنا کر جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
شان مسعود نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا، تاہم 46 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود بھی مارک ووڈ کی گیند پر لیچ کو کیچ تھما بیٹھے۔ اُنہوں نے 37 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔
اظہر علی اور بابر اعظم نے پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور اسکور 117 رنز تک پہنچا دیا۔ لیکن لنچ سے کچھ ہی لمحات قبل اولی رابنسن نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اظہر علی کو پویلین کی راہ دکھا دی۔
بابر اعظم ایک اینڈ پر ڈٹے رہے، لیکن دوسری جانب سے وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ پاکستان کا اسکور جب 162 رنز تین کھلاڑی آؤٹ ہوا تو سعود شکیل بھی ہمت ہار گئے۔ اُنہیں انگلینڈ کے 18 برس کے لیگ اسپنر ریحان احمد نے آؤٹ کیا جس کے ساتھ ہی ریحان احمد نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں پہلی وکٹ بھی حاصل کر لی۔
سعود شکیل کے بعد محمد رضوان کریز پر آئے، لیکن اُن کا قیام بھی مختصر ثابت ہوا اور جو روٹ کی ایک آسان فل ٹاس پر وہ ہوا میں شاٹ کھیل بیٹھے، جس پر مڈ آن پر موجود کپتان بین اسٹوکس نے اپنے دائیں جانب بھاگتے ہوئے اُن کا کیچ تھام کر پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔
محمد رضوان نے صرف 19 رنز بنائے اور ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ میں وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
پاکستان کا اسکور جب پانچ وکٹوں کے نقصان پر 219 ہوا تو کپتان بابر اعظم بھی ایک سنگل لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم نے 78 رنز بنائے۔
آغا سلمان نے 56، فہیم اشرف چار، نعمان علی 20 اور ابرار احمد چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 31 اوورز میں 140 رنز دے کر چار، لیگ اسپنر ریحان احمد نے 22 اوورز میں 89 رنز دے کر دو، اولی رابنسن، مارک ووڈ اور جو روٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلے روز کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر سات رنز بنا لیے تھے۔ بین ڈکٹ چار جب کہ اولی پوپ تین رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔
لیگ اسپنر ابرار احمد نے پہلے ہی اوور میں اوپنر زیک کرالی کو ایل بی ڈبلیو کر کے پاکستان کو پہلے روز واحد کامیابی دلوائی۔
انگلینڈ کو پاکستان کے 304 رنز کے مقابلے میں اب بھی 297 رنز کے خسارے کا سامنا ہے جب کہ اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کر کے سیریز پہلے ہی اپنے نام کر لی ہے۔