رسائی کے لنکس

ملتان ٹیسٹ کا پہلا روز؛ پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لیے


  • کپتان شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے سینچریاں اسکور کیں۔
  • بابر اعظم 30 رنز بنا کر آؤٹ۔
  • صائم ایوب بھی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
  • انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
  • برائیڈن کارس، شعیب بشیر اور جو روٹ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ کے پہلے روز چار وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لیے۔ شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی سینچریوں کی بدولت پاکستان کے بیٹنگ لائن اپ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صائم ایوب صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ لیکن اس کے بعد شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی شان دار پارٹنر شپ نے ٹیم کا مجموعی اسکور 261 تک پہنچایا جس کا اختتام عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے پر ہوا۔

عبداللہ شفیق کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کے لیے آئے اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ اس دوران شان مسعود 151 رنز بنا کر جیک لیچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کپتان شان مسعود کے بعد بابر اعظم اور سعود شکیل نے اسکور آگے بڑھایا جب مجموعی ٹوٹل 324 ہوا تو بابر اعظم بھی 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پہلے روز کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لیے تھے۔ سعود شکیل 35 جب کہ نائٹ واچ مین نسیم شاہ صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن نے دو، کرس ووکس نے ایک اور جیک لیچ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

برائیڈن کارس، شعیب بشیر اور جو روٹ کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے دو ٹیسٹ میچ ملتان جب کہ تیسرا میچ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل دو ٹیسٹ کی ہوم سیریز میں بنگلہ دیش نے دو، صفر سے پاکستان کو وائٹ واش کردیا تھا۔

فورم

XS
SM
MD
LG