رسائی کے لنکس

پاکستان ویمنز ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر


پاکستان کو شکست دے کر جنوبی افریقہ کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔
پاکستان کو شکست دے کر جنوبی افریقہ کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

آسٹریلیا میں جاری ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے دی ہے جس کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستان کو جنوبی افریقہ سے قبل انگلینڈ کے ہاتھوں بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم پانچ وکٹوں پر 119 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی اوپننگ جوڑی منیبہ علی اور جویریہ خان جنوبی افریقہ کے خلاف کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کو پہلے خسارے کا سامنا اس وقت کرنا پڑا جب 18 کے مجموعی اسکور پر منیبہ علی اپنی پہلی وکٹ گنوا بیھٹی۔

جویریہ 31 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئیں جب کہ سدرا نواز آٹھ، ندا ڈار تین اور عمیمہ سہیل بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹیں۔

پاکستان کی جانب سے عالیہ ریاض نے سب سے زیادہ 39 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 32 گیندیں کھیلیں جس میں ایک چھکا اور تین چوکے بھی لگائے۔ ارم جاوید 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے نانکولولیکو ملابا، شبنم اسماعیل اور ڈی وین نیکرک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز اسکور کیے۔ جن میں لاؤرا ولرواڈٹ نے 53 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

دوسری نمایاں اسکورر میریزینے کیپ رہیں جنہوں نے 31 رنز بنائے۔ پریز نے 17، کپتان ڈی وین نیکرک نے تین، لی نے چار اور لوس نے 12 رنز اسکور کیے۔

پاکستانی بالر ڈیانا بیگ نے دو جب کہ انعم امین، ایمن انور، عروبہ اور ندا ڈار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کو انگلینڈ نے نے شکست دی تھی جب کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

پوائنٹس ٹیبل پر گروپ بی میں جنوبی افریقہ کی ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور پاکستان کی ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

گروپ بی سے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG