رسائی کے لنکس

پہلا ٹیسٹ: پاکستان نے سری لنکا کو دس وکٹوں سے ہرا دیا


یاسر شاہ کے ٹیسٹ کریئر کی یہ بہترین باؤلنگ تھی جس میں انھوں نے ایک اننگز میں 76 رنز کے عوض سات وکٹیں سمیٹیں۔

پاکستان نے سری لنکا کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں دس وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

گال میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز پاکستان کو جیت کے لیے 90 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے صرف 11.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔

محمد حفیظ 46 اور احمد شہزاد 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل سری لنکا نے پانچویں دن اپنی دوسری اننگز 63 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی لیکن پاکستانی اسپنر یاسر شاہ کے سامنے میزبان بلے باز بے بس نظر آئے اور یکے بعد دیگر ان کی وکٹیں گرنا شروع ہو گئیں۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 206 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس نے جیت کے لیے مہمان ٹیم کو نوے رنز کا ہدف دیا۔

اس میچ کے پہلے دن بارش کی وجہ سے کھیل منسوخ کر دیا گیا تھا اور اگلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے پہلی اننگز میں 300 رنز بنائے۔ اس میں سلوا کے 125 شاندار رنز بھی شامل تھے۔

پاکستان اپنی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار رہا اور صرف 118 کے مجموعی اسکور پر اس کی نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ لیکن پھر سرفراز احمد اور اسد شفیق نے ذمہ داری سے بیٹنگ کر کے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا جس میں بعد ازاں ذوالقفار بابر کی نصف سینچری بھی کارگر ثابت ہوئی۔

پہلی اننگز میں اسد شفیق نے 131 رنز بنائے جب کہ سرفراز احمد 96 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پوری ٹیم 417 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

یاسر شاہ نے اس میچ میں مجموعی طور پر نو اور وہاب ریاض نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ یاسر شاہ کے ٹیسٹ کریئر کی یہ بہترین باؤلنگ تھی جس میں انھوں نے ایک اننگز میں 76 رنز کے عوض سات وکٹیں سمیٹیں۔

سرفراز احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انھوں نے وکٹوں کے پیچھے تین کیچ لیے اور تین بلے بازوں کو اسٹمپ آؤٹ کیا۔

سیریز کا دوسرا میچ 25 جون کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG