پاکستان کرکٹ ٹیم کے کے بلے باز یونس خان نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سینچری اسکور کر کے اپنے ہم وطن جاوید میانداد کی طرف سے بنائے گئے چھ انفرادی ڈبل سینچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔
اوول میں کھیلے جا رہے آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ہفتہ کو یونس خان نے پراعتماد انداز میں یہ سنگ میل عبور کیا جس میں چار چھکے اور 30 چوکے بھی شامل تھے۔
وہ 218 رنز بنا کر اینڈریسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
مہمان ٹیم انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز کھیل رہی ہے جس میں اب سے کچھ دیر قبل تک اس نے نو وکٹوں کے نقصان پر 531 رنز بنا لیے تھے۔
پاکستان کی طرف سے اس اننگز میں دوسرے نمایاں بلے باز اسد شفیق رہے جنہوں نے 109 رنز بنائے۔
تیسرے روز آؤٹ ہونے والوں میں سرفراز احمد بھی شامل تھے جنہوں نے 44 رنز اسکور کیے۔
انگلینڈ کی طرف سے ووکس نے تین، فن اور معین علی نے دو، دو جبکہ براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 328 اسکور بنائے تھے جس میں معین علی کے نمایاں 108 رنز بھی شامل تھے۔
چار میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو، ایک سے برتری حاصل ہے۔