رسائی کے لنکس

بابر اعظم کی ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے اور وہ دوسرے سے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو نئی رینکنگ جاری کی گئی ہے۔ جس میں بیٹرز کی رینکنگ میں آسٹریلوی کھلاڑی مارنس لبوشین 925 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ جو گزشتہ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر تھے وہ 883 پوائنٹس کے ساتھ اب دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

پاکستانی کپتان اپنی دوسری پوزیشن سے محروم ہونے کے بعد 882 پوائںٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ اس سے قبل بابر اعظم اپنے ٹیسٹ کریئر کی سب سے بہترین رینکنگ پر تھے۔

بابر اعظم کی تنزلی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ان کی کپتانی زیرِ بحث ہے اور انہیں ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کے مطالبات بھی سامنے آ رہے ہیں۔

بابر کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کو ڈرا کیا جب کہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں اسے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔

بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں بالترتیب 161 اور 14 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بابر کی انفرادی کارکردگی بہتر رہی تھی۔

آئی سی سی ٹیسٹ بیٹر رینکنگ میں آسٹریلوی کھلاڑی ٹریوس ہیڈ چوتھے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے سینئر کھلاڑی کین ولیمسن کی رینکنگ میں دو درجے بہتری ہوئی ہے اور وہ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

بابر اعظم اب تک 46 ٹیسٹ میچز کی 83 اننگز میں 49.25 کی اوسط سے 3645 رنز بنا چکے ہیں جن میں نو سینچریاں اور 26 نصف سینچریاں شامل ہیں۔

آئی سی سی کی ٹیسٹ بالر رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز 872 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 835 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

بھارت کے جسپریت بمراہ اور روی چندرن اشون کی رینکنگ میں ایک ایک درجے کی بہتری ہوئی ہے اور وہ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ انگلینڈ کے اولی رابنسن بھی ایک درجہ بہتری کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG