پرتگال کے سپر اسٹار فٹ بالر رونالڈو کی فین بیس کا اندازہ تو تقریباً سب ہی کو ہوگا۔ لیکن حال ہی میں انہوں نے سعودی فٹ بال کلب 'النصر' کے ساتھ معاہدہ کر کے اسے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے 30 دسمبر کو 'النصر' فٹ بال کلب کے ساتھ معاہدے کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد سے ہی 'النصر' کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد 87 لاکھ ہو گئی ہے جو اب بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
'دوحہ نیوز' کے مطابق رونالڈو کے معاہدے کے اعلان سے قبل 'النصر' فٹ بال کلب کے انسٹاگرام پیچ پر صرف ساڑھے نو لاکھ کے قریب فالوورز تھے۔
رونالڈو کی فین بیس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ گزشتہ برس دسمبر میں انسٹاگرام پر 500 ملین فالوورز کا ہندسہ عبور کرنے والی پہلی شخصیت بنے تھے۔
اس وقت رونالڈو کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 528 ملین ہے۔
منگل کو دارالحکومت ریاض کے مرسول پارک اسٹیڈیم میں رونالڈو کے مقامی فٹ بال کلب 'النصر' کے ساتھ معاہدے کی تقریب منعقد ہوئی تھی۔
تقریب میں رونالڈو نے تقریباً 21 کروڑ ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت رونالڈو ڈھائی برس تک 'النصر' کلب کی نمائندگی کریں گے۔
معاہدے پر دستخط کے بعد رونالڈو نے 'النصر' کی طرف سے پریکٹس میچ بھی کھیلا تھا جسے دیکھنے کے لیے لگ بھگ 25 ہزار شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق رونالڈو نے تقریب سے خطاب کے وقت کہا کہ "انہیں دنیا بھر سے متعدد فٹ بال کلبز کی طرف سے پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے 'النصر' کے ساتھ معاہدے کا انتخاب کیا ۔
کرسٹیانو رونالڈو ماضی میں مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ اور جووینٹس جیسے فٹ بال کلبز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔