رسائی کے لنکس

ون ڈے رینکنگ: امام نے کوہلی سے دوسری پوزیشن چھین لی، بابر بدستور پہلے نمبر پر


پاکستان کے کپتان بابر اعظم اس رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں اور یہ پہلی مرتبہ ہے دو پاکستانی بلے باز دنیا کے ٹاپ بیٹرز کی فہرست میں ابتدائی دو نمبروں پر ہیں۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم اس رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں اور یہ پہلی مرتبہ ہے دو پاکستانی بلے باز دنیا کے ٹاپ بیٹرز کی فہرست میں ابتدائی دو نمبروں پر ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹرز کو ایک اور اعزاز حاصل ہوا ہے۔ ان فارم اوپنر امام الحق نے بھارتی اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے بیٹر رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم اس رینکنگ میں پہلے ہی نمبر ون پر موجود ہیں اور یہ پہلی مرتبہ ہے دو پاکستانی بلے باز دنیا کے ٹاپ بیٹرز کی فہرست میں ابتدائی دو نمبروں پر ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بدھ کو نئی ون ڈے رینکنگ جاری کی جس میں بیٹرز کی فہرست میں پاکستانی کپتان بابر اعظم 892 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

پاکستانی اوپنر امام الحق کی رینکنگ میں ایک درجے بہتری ہوئی ہے اور وہ 815 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ بھارت کے سابق کپتان وراٹ کوہلی ایک درجہ تنزلی کے بعد 811 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

دوسری پوزیشن پر آنے والے امام الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں تین نصف سینچریاں اسکور کی تھیں اور وہ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

فہرست میں چوتھے نمبر پر بھارتی بیٹر روہت شرما ہیں جب کہ پانچویں پوزیشن جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک کے پاس ہے۔

بالنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کا راج

آئی سی سی ون ڈے بالنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن نیوزی لینڈ کے فاسٹ بالر ٹرینٹ بولٹ کی ہے جن کے 726 پوائنٹس ہیں۔

دوسری پوزیشن پر آسٹریلوی بالر جوش ہیزل ووڈ کی ہے جن کے 691 پوائنٹس ہیں۔ اس سرفہرست میں تیسرا نمبر نیوزی لینڈ کے بالر میٹ ہینری کا ہے جو 683 پوائنٹس رکھتے ہیں۔

فہرست میں پاکستانی فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی 681 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جب کہ بھارتی بالر جسپریت بمراہ 679 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈرز میں افغان کھلاڑی ٹاپ پوزیشن پر

آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلی پوزیشن بنگلہ دیش کے سینئر کھلاڑی شکیب الحسن کی ہے جو 419 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

ان کے علاوہ دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب افغانستان کے کھلاڑی محمد نبی اور راشد خان کی ہے۔

اس فہرست میں چوتھا نمبر انگلش کھلاڑی کرس ووکس کا ہے جب کہ پانچویں پوزیشن نیوزی لیںڈ کے کولن ڈی گرینڈ ہوم کے پاس ہے۔

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں بھی ٹاپ ٹو پوزیشن پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس ہے اور محمد رضوان ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ اس فہرست میں بھی پہلے نمبر پر بابر اعظم موجود ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی میں بیٹنگ رینکنگ میں تیسری پوزیشن جنوبی افریقی بیٹر ایڈن مارکرم کے پاس ہے جب کہ چوتھی پوزیشن پر انگلش کھلاڑی ڈیوڈ ملان اور پانچویں پر ایرون فنچ موجود ہیں۔

بالرز کی رینکنگ میں آسٹریلوی کھلاڑی جوش ہیزل ووڈ نے دو درجہ ترقی کی ہے اور وہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ فہرست میں دوسری پوزیشن انگلینڈ کے عادل رشید جب کہ تیسری پوزیشن جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی کی ہے۔

اس فہرست میں چوتھے نمبر پر افغان بالر راشد خان جب کہ پانچویں پوزیشن پر ایڈم زیمپا کا راج ہے۔

ٹی ٹوئنٹی میں آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر افغان کھلاڑی محمد نبی ہیں۔ دوسری پوزیشن بنگلہ دیش کے کھلاڑی شکیب الحسن جب کہ تیسری پوزیشن انگلش کھلاڑی معین علی کے پاس ہے۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکس ویل کا چوتھا جب کہ انگلش کھلاڑی لیام لونگسٹن کا پانچواں نمبر ہے۔

ٹیسٹ رینکنگ

آئی سی سی نے ٹیسٹ کے بہترین کھلاڑیوں کی بھی فہرست جاری کی ہے جس میں بیٹنگ کی کٹیگری میں انگلش بلے باز جو روٹ دوبارہ پہلی پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں۔

اس سے قبل جاری ہونے والی فہرست میں وہ دوسرے نمبر پر تھے۔ آسٹریلوی بلے باز مارنس لبوشین دوسرے جب کہ اسٹیو اسمتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں جب کہ کین ولیم سن کا پانچواں نمبر ہے۔

ٹیسٹ بالنگ کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن آسٹریلوی کھلاڑی پیٹ کمنز کے پاس ہے جب کہ دوسری اور تیسری پوزیشن پر بالترتیب بھارتی اسپنر روی چندرن اشون اور جسپریت بمراہ کا راج ہے۔

رینکنگ میں چوتھے نمبر پر پاکستانی فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کا ہے جب کہ پانچویں پوزیشن جنوبی افریقہ کے بالر کاگیسو رابادا کی ہے۔

ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں ٹاپ پوزیشنز پر بھارت کا راج ہے اور راوندرا جڈیجا پہلے اور ایشون دوسرے نمبر پر ہیں۔ تیسرے نمبر ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر ہیں۔

اس کے علاوہ شکیب الحسن چوتھے اور انگلش کھلاڑی بین اسٹوکس پانچویں نمبر پر ہیں۔

XS
SM
MD
LG