رسائی کے لنکس

محمد عامر کو برطانیہ کا ویزہ جاری کر دیا گیا


محمد عامر (فائل فوٹو)
محمد عامر (فائل فوٹو)

محمد عامر کو دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کے 17 رکنی اسکواڈ میں شامل تو کیا گیا تھا لیکن ان کی شرکت برطانوی ویزے سے مشروط تھی۔

پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو آئندہ ماہ شروع ہونے والی انگلینڈ کرکٹ سیریز کے لیے برطانیہ کا ویزہ جاری کر دیا گیا ہے۔

جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے ایک بیان میں کہا کہ ویزہ جاری کیے جانے کے بارے میں انھیں برطانوی حکام نے بتایا ہے۔

چھ سال قبل انگلینڈ میں کھیلے جا رہے ایک کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اسپاٹ فکسنگ کے مرتکب ہونے پر محمد عامر کو نہ صرف چھ ماہ کی سزا کا سامنا کرنا پڑا بلکہ کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کی طرف سے ان پر پانچ سال کی پابندی بھی عائد کر دی گئی تھی۔

محمد عامر کو دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کے 17 رکنی اسکواڈ میں شامل تو کیا گیا تھا لیکن ان کی شرکت برطانوی ویزے سے مشروط تھی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ چھ سال بعد برطانیہ کے اسی گراؤنڈ میں محمد عامر کی واپسی ہوگی جہاں انھوں نے انگلینڈ کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

پاکستانی ٹیم رواں ماہ انگلینڈ روانہ ہوگی جب کہ پہلا ٹیسٹ میچ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

دریں اثناء پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ دورہ انگلیںڈ ان کا پہلا ہدف ہے۔

ہیڈ کوچ مقرر ہونے کے بعد بدھ کو مکی آرتھر لاہور پہنچے تھے جہاں انھوں نے جمعرات کو اپنی پہلی پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں اس کی پوزیشن بہتر کرنے کے لیے وہ پرعزم ہیں۔

ان کے بقول قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق سمیت بورڈ کے عہدیداروں سے ان کی بات چیت مفید رہی ہے اور وہ ایک مضبوط منصوبہ بندی لے کر آئے ہیں۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر کو گزشتہ ماہ قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ یہ منصب اپریل میں وقار یونس کے مستعفی ہونے کی وجہ سے خالی ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG