فلسطینی سیکیورٹی حکام نے اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کو ا نتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل حماس کے ایک رہنما کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سینئر فلسطینی حکام نے جمعہ کے روز صحافیوں کو بتایا کہ ایوب القواسمی نامی حماس کے مسلح ونگ کے رکن کو فلسطینی سیکیورٹی فورسز نے مغربی کنارے کے شہر ہیبرون کے نزدیک سے گرفتار کیا۔
حکام کے مطابق القواسمی اسرائیلی شہریوں پر 1998 میں کیے جانے والے کئی حملوں کے سلسلے میں مطلوب تھے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی افواج بھی گزشتہ چند روز سے ہیبرون کے علاقے میں سیکیورٹی آپریشن میں مصروف ہیں۔
جمعرات کے روز علاقے میں آپریشن کے دوران اسرائیلی فورسز نے کچھ عرصہ قبل ہی ایک اسرائیلی جیل سے رہائی پانے والے ایک فلسطینی رکنِ پارلیمنٹ کو بھی حراست میں لے لیا تھا ۔ گرفتار رکنِ پارلیمنٹ کی وابستگی حماس سے بتائی جاتی ہے۔