رسائی کے لنکس

پاک بھارت امن کے لئے حیدرآباد میں شو


پاک بھارت امن کے لئے حیدرآباد میں شو
پاک بھارت امن کے لئے حیدرآباد میں شو

امن کی آشا کے عنوان سے منعقدہ اس پروگرام میں بھارت کی پاروتی بال اور پاکستان کےلوک فنکار عارف لوہار نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا

ایسے وقت جب کہ آئی پی یل کرکٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے کے مسئلہ پر دونوں ملکوں میں کشیدگی کی فضا ہے اور ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی جاری ہے دونوں ملکوں کے فنکاروں نے امن اور دوستی کی مہم جاری رکھی ہے۔

پاک بھارت امن کی اس مساعی کا نام ،،امن کی آشا،،رکھا گیا ہے۔ دو بڑے میڈیا گروپوں ٹائمز آف انڈیا اور جنگ گروپ نے مشترکہ طور پر اس کا اہتمام کیا ہے۔ بھارت کے مختلف شہروں میں دونوں ملکوں کے فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اسی سلسلہ کی کڑی کے طور پر حیدرآباد میں شو کا اہتمام کیا گیا۔ بھارت کے صوبہ مغربی بنگال کی کہانی بیان کرنے والی فنکار پاروتی بال اور پاکستان کے لوک گیتوں کے فنکار عارف لوہار نے شاندار پروگرام پیش کیا۔

آصف جاہی حکمرانوں کی یادگار چو محلہ پیلس میں اس دوستی کی شام میں بلا لحاظ مذہب و ملت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پاروتی بال کے پروگرام کے دوران قریبی مسجد سے جیسے ہی عشاٴ کی اذان گونجی پروگرام کو احترام میں روک دیا گیا۔ پاروتی ایک ہاتھ میں اِک تارہ اور دوسرے میں ڈگی کے ساتھ گاتی ہیں۔ دونوں فنکاروں نے سماں باندھ دیا اور سامعین خود کو محفل میں ڈبوچکے تھے۔

دونوں فنکاروں کو خوب داد ملی اور عوام نے بھی بھارت پاک دوستی کے حق میں نعرے لگائے۔ عارف لوہار اور پاروتی نے کہا کہ وہ موسیقی کی طاقت کے ذریعہ دونوں ملکوں کو قریب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ فن اور فنکار امن اور دوستی میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ عوام کی طاقت دونوں ملکوں کے درمیان برف کو پھگلادے گی۔

عارف لوہار نے پنجابی میں اپنے مخصوص انداز میں صوفیانہ کلام پیش کیا۔ انہوں نے صوفیانہ کلام میں استعمال ہونے والا چمٹا بھی استعمال کیا اور یوں محفل کے رنگ کو دوبالا کردیا۔ عارف نے جب دمادم مست قلندر گانا شروع کیا تو تمام حاضرین جھوم اٹھے اور کئی رقص کرنے لگے۔ اس گیت کے دوران مکرر مکرر کی صدائیں گونج رہی تھیں۔ پروگرام کے آخر میں دونوں نے 15 منٹ تک جگل بندی کا مظاہرہ کیا۔ اس طرح یہ ایک ایسی شاندارمحفل بن گئی جو ایک عرصہ تک یاد رکھی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG