رسائی کے لنکس

پشاور: امریکی قونصل خانے کی گاڑی کے قریب دھماکا


پشاور: امریکی قونصل خانے کی گاڑی کے قریب دھماکا
پشاور: امریکی قونصل خانے کی گاڑی کے قریب دھماکا

پولیس حکام کے مطابق جمعہ کی صبح پشاور میں امریکی قونصل خانے کی گاڑی پر کار بم حملے میں ایک راہ گیر ہلاک جب کہ کم ازکم 10 افراد زخمی ہو گئے تاہم اس دھماکے میں امریکی شہری محفوظ رہے ۔

پشاور پولیس کے سربراہ لیاقت علی خان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ امریکی قونصل خانے کی گاڑی قونصلیٹ کی طرف جارہی تھی اور جب اُسے یونیورسٹی ٹاؤن کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ جس گاڑی میں بارودی مواد نصب تھا وہ سڑک کے کنارے کھڑی تھی اور جونہی قونصل خانے کی گاڑی اُس کے قریب پہنچی تو اُس میں دھماکا ہوا۔

لیاقت علی خان نے بتایا کہ قونصل خانے کی گاڑی میں دو افراد سوار تھے اور اُن میں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ ”اُنھیں باحفاظت نکال لیا گیا تھا اور وہ اپنی جگہ پر چلے گئے ہیں۔‘‘

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص قریب ہی موٹرسائیکل پر گزر رہا تھا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے زیادہ ترافراد راہ گیر تھے۔

امریکی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق پشاور قونصلیٹ کی دو گاڑیاں یونیورسٹی ٹاؤن کے علاقے سے گزر رہی تھیں جب اُن میں سے ایک کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان کے مطابق دھماکے کا نشانہ بننے والی گاڑی میں سوار دو افراد کو معمولی زخم آئے تاہم اُنھوں نے اس بارے میں مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا۔

پولیس کے مطابق کار بم دھماکے میں لگ بھگ 50 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

طالبان کے ایک ترجمان نے نامعلوم مقام سے ذرائع ابلاغ کو ٹیلی فون کر کے پشاور میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ نیٹو میں شامل ممالک کے سفارتکاروں پر مستقبل میں بھی حملے کیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG