فلپائن کے صدر بنیگنو اکینو پیر کو پانچ روزہ دورے پر امریکہ پہنچے ہیں جس کا مقصد اپنے ملک کے لیے سرمایہ کاری کی حصول اور حکومت کے انسدادی بد عنوانی کی کوششوں کا فروغ ہے۔
مسٹر اکینو حکومتی سطح پر شفافیت اور خود احتسابی سے متعلق بین الاقوامی مہم ’’اوپن گورنمنٹ پارٹنرشپ ‘‘کی نیویارک میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں خطاب کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ عالمی بنک اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔
دورے کے دوران مسٹر اکینو سرمایہ کاری کے حصول کے لیے مختلف تجارتی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے جب کہ نیویارک کی فورڈہم یونیورسٹی میں انھیں اعزازی ڈگری بھی دی جائے گی۔
فلپائن کے صدر اوپن گورنمنٹ پارٹنر شپ کی تقریب میں خطاب امریکی صدر براک اوباما اور برازیلین ہم منصب کی دعوت پر کررہے ہیں۔ مسٹر اکینو نے اپنے ہاں انسداد بدعنوانی کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں جو ان کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔