رسائی کے لنکس

اسلام آباد: امریکی سفارت خانے کا سکیورٹی افسر دوبارہ گرفتار


ملزم پولیس کی تحویل میں
ملزم پولیس کی تحویل میں

تیمور پیرزادہ پر کرنل جوزف کو پولیس کی تحویل سے فرار کرانے کی کوشش کا الزام ہے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے امریکی سفارت کار کرنل جوزف ایمانوئیل کی گاڑی سے ٹکرا کر نوجوان کی ہلاکت کے معاملے میں اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے کے سکیورٹی افسر تیمور پیرزادہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

تیمور پیرزادہ پر کرنل جوزف کو پولیس کی تحویل سے فرار کرانے کی کوشش کا الزام ہے۔

پولیس کے مطابق 7 اپریل کو اسلام آباد میں مارگلہ روڈ پر کرنل جوزف ایمانوئیل نے ایک موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں عتیق بیگ نامی نوجوان ہلاک اور راحیل زخمی ہوگیا تھا۔

پولیس کے مطابق اس حادثے کے بعد تیمور پیرزادہ فوراً موقع پر پہنچا اور اس نے ملزم کرنل جوزف کو فرار کرانے کی کوشش کی لیکن پولیس اہلکاروں نے اس کوشش کو ناکام بنا کر ملزم کو تھانے منتقل کردیا۔

اس معاملے سے متعلق تحقیقات کی جار ہی تھیں اور منگل کو اسلام آباد پولیس کے اے آئی جی عصمت اللہ جونیجو نے اپنے دفتر میں اس حوالے سے تفتیش کی۔

دورانِ تفتیش پولیس اہلکاروں کی جانب سے شواہد پیش کیے گئے جن سے تیمور پیرزادہ کی جانب سے ملزم کو فرار کرانے کی کوشش کرنا ثابت ہوتا تھا۔ اس پر اے آئی جی عصمت اللہ جونیجو کے دفتر سے ہی تیمور پیرزادہ کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس نے گرفتار سکیورٹی فسر کو تھانہ کوہسار منتقل کردیا ہے۔

یاد رہے کہ 29 اپریل کو امریکی سفارت خانے کے سیکنڈ سیکرٹری چاڈریکس آسبرن کی گاڑی کو بھی حادثہ پیش آیا تھا جس کے دوران وہ ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی تھی۔

بعد ازاں تحقیقات میں ثابت ہوا تھا کہ غلطی موٹرسائیکل سوار تھی۔ لیکن اس معاملے میں بھی تیمور پیرزادہ کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا گیا تھا کیوں کہ پولیس کے مطابق انہوں نے چاڈریکس آسبرن کو پولیس کی حراست سے چھڑانے کی کوشش کی تھی۔

بعد ازاں اسلام آباد کی ایک عدالت نے تیمور پیرزادہ کو ضمانت پر رہا کردیا تھا لیکن اب انہیں کرنل جوزف کیس میں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG