یوروپول نے پیر کو کہا کہ پولیس نے ان کے بقول منشیات کے ایک "سپر کارٹیل" کو توڑ دیا ہے جو یورپ میں کوکین کی تجارت کے لگ بھگ ایک تہائی حصے کو کنٹرول کرتا تھااور مختلف ممالک میں اس غیرقانونی کاروبار سے منسلک 49 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں سے چھ کا تعلق دبئی سےہے۔
یورپی یونین کی پولیس ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ "ڈیزرٹ لائٹ" نامی بین الاقوامی آپریشن میں 30 ٹن منشیات ضبط کی گئیں اور بیلجیئم، فرانس، ہالینڈ اور اسپین میں گرفتاریاں عمل میں آئیں۔
دبئی میں کیے گئے کریک ڈاؤن میں ، یورو پول کے مطابق، نیدرلینڈ کی ایک "بڑی مچھلی" بھی پکڑی گئی ہے جس کے مبینہ طور پر ، جرائم پیشہ ڈچ سرغنہ ردوان تاگی سے روابط تھے، جسے پہلے ہی 2019 میں خلیجی امارات میں پکڑ لیا گیا تھا۔
یوروپول نے کہا، ’ 'سپر کارٹیل‘ کے نام سے معروف یہ گروہ اس کا ایک اہم ہدف تھا جو یورپ میں کوکین کی تجارت کے تقریباً ایک تہائی کو کنٹرول کرتا تھا۔"
ادارے نے یہ بھی بتایا کہ"مشتبہ افراد کے کنٹرول اور کمانڈ کے تحت یورپ میں کوکین بڑے پیمانے پر درآمد کی جاتی تھی ا اور تحقیقات کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 30 ٹن سے زیادہ منشیات ضبط کیں۔"
ڈچ پبلک براڈکاسٹر این او ایس کے مطابق ڈچ ملزم نے مبینہ طور پر دبئی میں آئرش اور اطالوی منشیات کے گروہوں کے سرغنوں کے ساتھ مل کر اتحاد بنایا تھا ، انہیں بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
یوروپول کی طرف سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایجنٹ، جن میں کچھ امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن اور ہسپانوی گارڈیا سول کے اہل کاربھی شامل ہیں مشتبہ افراد کو گرفتار کر رہےہیں اور لگژری کاروں اور چھپائے گئے کیش کے ذخیروں کو ضبط کر رہےہیں۔
یوروپول نے کہا کہ دبئی نے دو انتہائی اہم مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق فرانس سے ہے، دو کا تعلق نیدرلینڈ سے اور دو کا تعلق اسپین سے ہے۔
اس کے علاوہ بیلجیئم سے 10، فرانس سے چھ اور سپین میں13 افراد کو گرفتار کیا گیاہے۔
ہیگ میں قائم تنظیم نے کہا کہ اسی آپریشن کے ایک حصے کے طور پر نیدرلینڈز سے 2021 میں مزید 14 افراد کو گرفتار کیا گیاتھا۔
انتہائی اہم مجرم
یوروپول کے ایک ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا، "ڈچ مشتبہ افراد میں سے ایک" انتہائی بڑی مچھلی "ہے۔وہ اگر تاگی سے زیادہ تو نہیں لیکن اس جتنی اہم ضرور ہے۔"
یوروپول نے کہا کہ 8 سے 19 نومبر تک ہونے والی گرفتاریاں یورپ کے ارد گرد اس سلسلے میں تازہ ترین تھیں جن میں پولیس نے پچھلے سال منظم جرائم کے نیٹ ورکس کے ذریعے استعمال کیے گئے جدید ترین خفیہ ٹیلی فونز کو ہیک کیا تھا۔
پولیس نے منشیات کے اسمگلروں کے درمیان محفوظ سمجھی جانے والی بات چیت کو سننے کے لیے خفیہ طور پر سکائی ای سی سی فون پلیٹ فارم کو استعمال کیا ۔
ڈچ وکلائے استغاثہ نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات سے دونوں ملزمان کو تحویل میں دینے کی درخواست کریں گے۔
اس رپورٹ کے لئے معلومات ایجنسی فرانس پریس سے لی گئی ہیں۔