رسائی کے لنکس

لاہور: پولیس کا خود کش حملوں کے متعدد منصوبے ناکام بنانے کا دعویٰ


فائل
فائل

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد مختلف سرکاری اور غیر سرکاری نتصیبات، اہم سیاسی شخصیات اور احمدی برداری کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

پاکستان کے صوبۂ پنجاب کی پولیس کے محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم شدت پسند تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خودکش حملوں کے متعدد منصوبے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

محکمۂ انسداد دہشت گردی کے ترجمان نے جمعے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ 'سی ٹی ڈی' اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کی جمعرات کو پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کی جانے والی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں لقمان نامی ایک مبینہ خودکش حملہ آور بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے دیگر پانچ مبینہ دہشت گردوں کے نام انعام الحق، جہانگیر شاہ، عمران عرف ایران عرف ناصر، وقار الا مین اور علیم الرحمن ہیں۔

حکام نے یہ نہیں بتایا کہ ان مبینہ شدت پسندوں کا تعلق ملک کے کن علاقوں سے ہے اور نہ ہی اس کارروائی کے دوران گرفتار کیے جانے افراد سے متعلق سرکاری طور پر فراہم کردہ تفصیلات کی آزاد ذرائع سے تصدیق ہو سکی ہے۔

ترجمان کے مطابق 'سی ٹی ڈی' اور 'آئی بی' کی مشترکہ ٹیمیں 9 مارچ سے ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ان مشتبہ افراد کا پیچھا کر رہی تھیں اور اسی وجہ سے وہ رواں ماہ لاہور میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کرکٹ میچوں کے دوران کوئی حملہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے دو میچوں اور بعد ازاں کراچی میں ہونے والے فائنل میچ کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد مختلف سرکاری اور غیر سرکاری نتصیبات، اہم سیاسی شخصیات اور احمدی برداری کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

پولیس کے دعوے کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دستی بم اور دھماکہ خیز مواد اور ایک خود کش جیکٹ برآمد ہوئی ہے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد لاہور کے گجو ماتا کے علاقے میں واقع ایک مدرسے کو بطور پناہ گاہ استعمال کررہے تھے جہاں وہ ممکنہ حملوں کے منصوبہ بندی کرتے تھے۔

'سی ٹی ڈی' کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے مشتبہ افراد سے ان کے نیٹ ورک سے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے۔

اس سے قبل صوبۂ پنجاب میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کی طرف سے ایسی ہی کارروائیوں میں ٹی ٹی پی، داعش اور دیگر شدت پسند تنظیموں کے عسکریت پسندوں کو گرفتار یا انہیں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG