رسائی کے لنکس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان کی نااہلی کا تفصیلی فیصلہ جاری

14:35 5.9.2022

’عمران خان آرمی چیف کے تقرر کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں‘

khwaja Asif
khwaja Asif

پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان آرمی چیف کے تقرر کے عمل کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ساری ہوس اقتدار کا حصول ہے۔ سیاست دان کو اپنی سیاسی جنگ سیاسی میدان میں نمٹانی چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ اداروں کا تقدس پاکستان کی سلامتی کے ساتھ منسلک ہے۔ اس کو کمزور نہ کریں اور اس پر سوالیہ نشان نہ لگائیں۔پاکستان میں گزشتہ 75 برس میں کئی آرمی چیف تعینات ہوئے ان کو کسی نے متنازع نہیں بنایا۔

آرمی چیف کے تقرر کے حوالے سے عمران خان کے خطاب کی جانب اشارہ کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو باتیں کی ہیں وہ وطن دوستی کی باتیں نہیں ہیں۔ یہ وطن سے دشمنی کی باتیں ہیں۔ ان سے پاکستان کے مفادات کو نقصان ہوگا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج کو سیاست سے دور رہنا چاہیے۔ ان کے مطابق جب عمران خان ان کے بارے میں کہتے ہیں کہ وہ نیوٹرل ہو گئے ہیں۔ ان کو نیوٹرل نہیں ہونا چاہیے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ اپنے حلف کے مطابق سیاست سے دور ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف لمبی قانونی کارروائی ہونے والی ہے۔ کچھ ہو رہی ہیں جب کہ مزید شروع ہو جائے گی البتہ ان کے ساتھ ناجائز کچھ نہیں کیا جائے گا، جس طرح سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے ساتھ کیا گیا تھا۔

14:14 5.9.2022

عمران خان کی درخواست؛ ’عدالتوں سے ریلیف کی امید نہ رکھیں‘

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کے خلاف عمران خان کی درخواست پر ریمارکس دیے ہیں کہ عدالتوں سے ریلیف کی امید نہ رکھیں، یہ عدالت کا استحقاق ہے۔ آپ چاہتے ہیں جو مرضی کہتے رہیں اور ریگولیٹر ریگولیٹ بھی نہ کرے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پیر کو عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، تو اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر، فیصل چوہدری اور بیرسٹر محمد احمد پر مشتمل عمران خان کے وکلا کی ٹیم عدالت میں موجود تھی۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے عمران خان کے اتوار کے جلسے سے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے وکلا سے استفسار کیا کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات دیے گئے ہیں، کیا آپ چاہتے ہیں عدالت انہیں فری لائسنس دے دے؟ اگر کوئی یہ بیان دے کہ فلاں محبِ وطن ہے اور فلاں نہیں، پھر آپ کہتے ہیں کہ انہیں کھلی چھٹی دے دیں۔

واضح رہے کہ عمران خان نے اتوار کو فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ یہ اپنا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں اور ڈرتے ہیں کہ اگر کوئی تگڑا اور محبِ وطن آرمی چیف آ گیا تو وہ ان سے پوچھے گا۔

عمران خان نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں مل کر اپنا آرمی چیف تعینات کریں گے۔ کسی صورت اس ملک کی تقدیر ان کے ہاتھ میں نہیں ہونی چاہیے۔ اس ملک کا آرمی چیف میرٹ پر ہونا چاہیے، کسی کا پسندیدہ آرمی چیف نہیں ہونا چاہیے۔

عدالتی کارروائی میں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ کیا فوج کے کسی جنرل کی حب الوطنی پر سوال اٹھایا جا سکتا ہے؟ آپ چاہتے ہیں آپ ایسی باتیں کریں اور پھر پیمرا کنٹرول بھی نہ کرے؟ پہلے آپ خود تو طے کر لیں، آپ کرنا کیا چاہتے ہیں؟

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی تقاریر براہِ راست نشر کرنے پر پابندی کے پیمرا آرڈر کے خلاف درخواست نمٹا دی ہے۔

پیمرا پہلے ہی سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خطاب لائیو دکھانے پر پابندی کا حکم نامہ واپس لے چکا ہے۔

11:27 5.9.2022

اداروں کو بدنام کرنے کی عمران خان کی باتیں نئی سطح کو چھو رہی ہیں: شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ عمران خان کی اداروں کو بدنام کرنے کی باتیں نئی سطح کو چھو رہی ہیں۔

وزیرِ اعظم نے پیر کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان اب مسلح افواج اور اس کی قیادت پر کیچڑ اچھالنے سمیت زہریلے الزامات لگا رہے ہیں۔ ان کا مذموم ایجنڈا واضح ہے کہ وہ پاکستان کو تباہ اور کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان نے اتوار کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری ایسا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں جو ان کی کرپشن پر بات نہ کرے۔

11:23 5.9.2022

عمران خان کے بیان کو فوج سے جوڑنا درست نہیں: فواد چوہدری

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے حالیہ بیان کو فوج یا فوج کی قیادت سے جوڑنا درست نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان نے نواز شریف اور آصف زرداری کو ڈان لیکس اور میمو گیٹ کے تناظر میں سیکیورٹی رسک کہا ہے، ان کی جائیدادیں، بچے تمام تر مفادات ملک سے باہر ہیں۔ عمران خان نے اسی تناظر میں بات کی تھی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG