عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو
تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توہینِ عدالت کیس میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے جیسے عدالت میں بھارتی جاسوس کلبھوش کا کیس ہو۔
سابق وزیرِ اعظم سے جب صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ آج عدالت میں معافی مانگیں گے؟ اس پر عمران خان نے مسکرا کر کہا کہ آپ سے مشورہ کر کے یہ فیصلہ کروں گا۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ جیل میں جا کر مزید خطرناک ہو جاؤں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہا ہے کہ اتنا خوف کیوں ہے۔
توہینِ عدالت کیس: عمران خان پیشی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے
توہینِ عدالت کیس میں پیشی کے لیے سابق وزیرِ اعظم عمران خان بنی گالا سے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے ہیں۔
عمران خان نے اپنی پارٹی قیادت کو بھی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
لیکن اسلام آباد اور خیبرپختونخوا سے آنے والے پارٹی رہنماؤں کو عدالت کے احاطے میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔
اسلام ہائی کورٹ میں عمران خان کی پیشی سے قبل سیکیورٹی کے سخت انتظامات
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی پیشی سے قبل سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے اطراف خاردار تاریں لگا کر غیر متعلہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں گزشتہ پیشی کے دوران ایک ہزار کے لگ بھگ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
عمران خان کے خلاف خاتون جج کو دھمکیاں دینے کے الزام میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کا مقاملہ زیرِ سماعت ہے جس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں پانچ رُکنی لارجر بینچ کر رہا ہے۔
عمران خان نے اس معاملے پر معافی مانگنے سے گریز کیا تھا، تاہم اپنے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب عمران خان نے کہا تھا کہ غیر ارادی طور پر اُن کے منہ سے نکلے الفاظ پر اُنہیں افسوس ہے۔
مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کا معاملہ، ہائی کورٹ کے بینچ کی سماعت سے معذرت
لاہور ہائی کورٹ کے بینچ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت کرنے سے معذرت کر لی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس باقر علی نجی کی سربراہی میں دو رُکنی بینچ نے جمعرات کو درخواست کی سماعت کی۔ لیکن بینچ میں شامل جج جسٹس انوار الحق پنوں نے سماعت سے معذرت کر لی او درخواست چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔
خیال رہے کہ نیب نے چوہدری شوگر مل کیس میں اُن کا پاسپورٹ ہائی کورٹ میں رکھوایا تھا۔
مریم نواز نے اپنے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے کہ عدالت ڈپٹی رجسٹرار کو ہدایت جاری کرے کہ اُن کا پاسپورٹ واپس کیا جائے۔