سائفر معاملے پر حکومت مزید تحقیقات کرنا چاہے گی: وفاقی وزیرِ قانون
وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے سائفر کے معاملے پر گفتگو کی۔ اس مسئلے پر حکومتِ پاکستان مزید تحقیق کرنا چاہے گی تاکہ آئندہ قومی سلامتی کے حساس معاملات پر کوئی بھی اپنی مرضی مسلط نہ کر سکے جس سے ریاست کے معاملات متاثر ہوں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ قانون نے کہا کہ عمران خان نے خطرناک کھیل کھیلا ہے اور جو اس کھیل میں شریک سرکاری افسران کو احساس ہونا چاہیے تھا کہ وہ ریاست کے ملازم ہیں انہیں کسی سیاسی جماعت کے ایجنڈے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے سائفر کی کہانی کی بنیاد دیکھ لی ہے جب کہ عمران خان کا یہ کہنا مضحکہ خیز ہے کہ موجودہ وزیرِ اعظم نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
وفاقی وزیرِ قانون کا کہنا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے اور ان تعلقات میں نشیب و فراز بھی آتے رہے ہیں لیکن عمران خان نے سائفر پر جو کھیل کھیلا ہے اس سے بہت نقصان ہوا ہے۔
انٹربینک میں ڈالر 3 روپے 12 پیسے سستا
انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے۔ بدھ کو ٹریڈنگ کے دوران ڈالر تین روپے 12 پیسے سستا ہو کر 229 روپے کا ہو گیا ہے۔
گزشتہ پانچ روز میں انٹربینک میں ڈالر 10 روپے 71 پیسے سستا ہو چکا ہے۔
اسی طرح اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے پچاس پیسہ سستا ہو کر 230 روپے 50 پیسے کا ہو گیا ہے۔
آڈیو لیکس کا معاملہ: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آڈیو لیکس کے معاملے پر وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم نے جمعے کو کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کیے جانے کا امکان ہے۔
بدھ کو نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں سائبر سیکیورٹی سے متعلق لیگل فریم ورک کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا تھا جب کہ آڈیو لیکس کے معاملے پر تحقیقات کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی تھی جس کے سربراہ وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ ہوں گے۔
سائفر پر ابھی کھیلا نہیں، ایکسپوز کریں گے تو کھیلیں گے: عمران خان
شہباز شریف حکومت نے لیک کی ہے اور یہ اچھا ہوا ہے کہ آڈیو لیک ہوئی ہے کیوں کہ وہ چاہتے ہیں کہ پورا سائفر لیک ہو۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پورا سائفر لیک ہو تاکہ سب کو پتا چلے کہ کتنی بڑی بیرونی سازش ہوئی ہے۔
جب عمران خان سے سوال پوچھا گیا کہ آڈیو لیک میں آپ کہہ رہے کہ اس پر کھیلیں گے اس کا دفاع کس طرح کریں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ ابھی انہوں نے اس پر کھیلا ہی نہیں ابھی یہ ایکسپوز کریں گے تو اس پر کھیلیں گے۔