'ہم نے کسی صورت امریکیوں کا نام نہیں لینا' سائفر سے متعلق عمران خان کی دوسری مبینہ آڈیو لیک
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِاعظم عمران خان کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک سامنے آگئی ہے۔
سائفر سے متعلق لیک ہونے والی اس مبینہ آڈیو میں عمران خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور اعظم خان کے درمیان گفتگو سنی جاسکتی ہے۔
مبینہ آڈیو میں عمران خان کہہ رہے ہیں کہ ''اچھا شاہ جی ہم نے کل ایک میٹنگ کرنی ہے، آپ نے ہم تینوں نے اور وہ فارن سیکریٹری نے، اس میں ہم نے کہنا ہے کہ وہ جو لیٹر ہے نا اس کے چپ کرکے کے منٹس اپنے پاس لکھ لینے ہیں۔''
عمران خان کو اس مبینہ آڈیو میں کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ''اعظم کہہ رہا ہے اس کے منٹس بنا لیتے ہیں۔ نہیں اسے فوٹو اسٹیٹ کرا لیتے ہیں۔''
مبینہ آڈیو میں اعظم خان کہتے ہیں کہ ''یہ سائفر آٹھ، نو کو آیا ہے۔ آٹھ کو آیا۔'' جس کے بعد عمران خان مبینہ آڈیو میں کہہ رہے ہیں کہ '' لیکن میٹنگ کو سات کو ہوئی ہے۔ ہم نے تو کسی صورت بھی امریکیوں کا نام لینا ہی نہیں ہے۔ لہٰذا اس معاملے پر براہ مہربانی کسی کے منہ سے ملک کا نام نہ نکلے۔''
''یہ بہت اہم ہے آپ سب لے لیے، کہ کس ملک سے لیٹر آیا ہے؟ میں کسی کے منہ سے اس کا نام نہیں سننا چاہتا۔''
اس موقع پر اسد عمر کی آواز اس مبینہ آڈیو میں سنی جاسکتی ہے، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ '' آپ جان بوجھ کر لیٹر کہہ رہے ہیں؟ یہ لیٹر نہیں ہے میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے۔''
اس پر عمران خان کہتے ہیں ''وہی ہے نا، میٹنگ کی ٹرانسپکرپٹ ہے، ٹرانسکرپٹ یا لیٹر ایک ہی چیز ہے۔ لوگوں کو ٹرانسکرپٹ کی تو سمجھ نہیں آنی تھی ناں، آپ عوامی جلسے میں ایسے ہی کہتے ہیں۔
بلوچستان: کوہلو میں دھماکے سے 20 افراد زخمی
بلوچستان کے ضلع کوہلو میں حلوائی کی دکان میں دھماکے میں 20 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
دھماکہ مرکزی بازار میں واقع ایک حلوائی کی دکان میں ہوا۔ دھماکے کے بعد پولیس، لیویز اور ایف سی کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو ڈی ایچ کیو منتقل کردیا گیا۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو کے مطابق زخمی ہونے والے 12 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
ایس ایچ او سٹی کا کہنا ہے دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی ہے، تاہم پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ایون فیلڈ ریفرنس نواز شریف اور مریم کو بدنام کرنے کے لیے استعمال ہوا: شہباز شریف
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس نے یہ آشکار کیا ہے کہ احتساب کا نظام کس طرح نواز شریف اور مریم نواز کو بدنام کرنے کے لیے استعمال ہوا ہے۔
وزیرِ اعظم نے ایک ٹویٹ میں نواز شریف اور مریم نواز کو عدالت سے ماضی میں ملنے والی سزاؤں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے انتقام پر مبنی عمل نے ملک کے جمہوری ارتقا میں خلل ڈالا اور سیاسی عدم استحکام کا باعث بنا جس نے سیاست پر خوف ناک اثر چھوڑا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں کیس سے بری کر دیا تھا۔ جب کہ ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کی جانب سے مریم نواز کو سنائی جانے والی سات سال قید کی سزا بھی کالعدم قرار دے دی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس آج، آڈیو لیکس کا معاملہ ایجنڈے میں شامل
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتِ حال پر غور کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں وائس آف امریکہ کے نمائندے علی فرقان کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آڈیو لیکس کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کی جائے گی جب کہ ریکوڈک منصوبے سے متعلق فیصلہ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ریکو ڈک منصوبے پر سپریم کورٹ سے رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں صدارتی ریفرنس بھیجنے کے لیے کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔
وفاقی کابینہ توانائی کے بحران پر قابو پانے اور مارکیٹس کی بندش کے اوقات کار پر بھی غور کرے گی۔