پی ٹی آئی کا سفارتی مراسلے پر ایف آئی اے کے بجائے عدالتی کمیشن سے تحقیقات کا مطالبہ
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سفارتی مراسلے (سائفر) کی تحقیقات پر حکومتی آمادگی درست سمت میں قدم ہے۔
وفاقی حکومت کے سائفر پر عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے سے متعلق فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ یہ تحقیقات ایف آئی اے کے بجائے سپریم کورٹ کا کمیشن کرے تا کہ اصل حقیقت سامنے آ جائے۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اسی طرح کا کمیشن آڈیوز لیک کی تحقیقات کے لیے ہونا چاہیے۔
جج دھمکی کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور
اسلام آباد ہائی کورٹ نے جج دھمکی کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر نے چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رواں ماہ سات اکتوبر سے قبل مقامی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔
پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے عمران خان کی جانب سے عبوری ضمانت اور عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی۔
گزشتہ روز خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے۔
سابق وزیراعظم نے 20 اگست کو اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں جلسے سے خطاب میں خاتون جج زیبا چوہدری کو مبینہ طور پر دھمکی دی تھی۔
سفارتی مراسلے پر آڈیو لیک: حکومت کا عمران خان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
وفاقی کابینہ نے آڈیوز لیک کے معاملے پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے 30 ستمبر کو سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی سائفر (سفارت مراسلے) سے متعلق سامنے آنے والی مبینہ آڈیو پر کابینہ کمیٹی بنائی تھی جب کہ کابینہ کی اس کمیٹی نے یکم اکتوبر کے اجلاس میں قانونی کارروائی کی سفارش کی تھی۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ نے عمران خان کی حکومت کے وزرا اور سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سائفر سے متعلق آڈیوز لیک پر تحقیقات وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے سے کرائی جائے گی۔
خاتون جج کو دھمکیاں دینے کا کیس، عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد میں ریلی کے دوران خاتون جج اور پولیس افسران کو دھمکانے کے الزام میں درج مقدمے میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔ مارگلہ کے علاقہ مجسٹریٹ نے سابق وزیرِ اعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس مقدمے میں سے دہشت گردی کی دفعات ختم کر دی تھیں، تاہم دیگر دفعات برقرار تھیں جن پر عمران خان کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔