پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف ایسے شخص کو آرمی چیف بنانا چاہتے ہیں جو ان کی مدد کرے۔
لاہور سے اسلام آباد کی جانب گامزن تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک مفرور آدمی لندن میں بیٹھ کر ملک کے فیصلے کر رہا ہے۔ وہ ایسی تعیناتی کا فیصلہ کر رہا ہے جو سب سے اہم ہے۔
سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ لندن میں تماشا اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے نہیں ہے، کیا یہ آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر کریں گے۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف واضح کر چکے ہیں کہ وہ آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر کریں گے۔
چیف جسٹس کو اپنے منصب کی ذمے داری نبھانا پڑے گی: اسد عمر
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ سینیٹر اعظم سواتی، مقتول صحافی ارشد شریف کے اہلِ خانہ اور پی ٹی آئی کے سربراہ چیف جسٹس کی جانب دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائیں یا اعلان کریں کہ طاقت ور کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے لیے سپریم کورٹ کے انصاف کے دروازے بند ہیں۔
پنجاب حکومت کا لانگ مارچ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی
پنجاب حکومت نے تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ میں شامل رہنماؤں اور شرکا کو مکمل تحفط فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس حوالے سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لانگ مارچ کے روٹ پر کمانڈوز اور ماہر نشانے باز اسنائپر ز تعینات کیے جائیں گے۔
عمران خان پر حملہ؛ تحقیقات کے لیے پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی قائم
پنجاب حکومت نے وزیرآباد میں تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ میں ایک ہفتہ قبل عمران خان پر ہونے والے مسلح حملے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اس جے آئی کی سربراہی ریجنل پولیس افسر ڈیرہ غازی خان سید خرم علی کریں گے۔
کمیٹی کے دیگر ارکان میں سی پی او لاہور، آر پی او ڈیرہ غازی خان، اے آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب، ڈی پی او وہاڑی اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے افسران شامل ہیں۔