رسائی کے لنکس

بھارت میں آلودگی سے 2019 میں 17 لاکھ کے قریب ہلاکتیں


بھارتی دارلحکومت نئی دیلی میں صبح کے وقت فضائی آلودگی کا ایک منظر، 16 اکتوبر 2020
بھارتی دارلحکومت نئی دیلی میں صبح کے وقت فضائی آلودگی کا ایک منظر، 16 اکتوبر 2020

طبی تحقیق پر مبنی میگزین 'دی لینسیٹ' نے منگل کے روز ایک رپورٹ میں کہا کہ بھارت میں 2019 میں آلودگی کی وجہ سے 16 لاکھ 70 ہزار ہلاکتیں واقع ہوئیں، جو ملک کی کل غیر طبعی ہلاکتوں کا 18 فیصد ہے۔ میگزین کے مطابق 2019 میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2017 سے زیادہ تھی۔

بھارت کے کئی شہر دنیا بھر میں آلودگی کے انڈیکس میں سرفہرست ہیں اور انہیں آلودگی کی وجہ سے نہ صرف معاشی بلکہ انسانی زندگیوں کے نقصانات سے متعلق مسائل کا بھی سامنا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس سے پہلی کی گئی تحقیق میں بھارت میں 2017 میں آلودگی کی وجہ سے 12 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں جو ملک میں اس سال ہوئی غیر طبعی ہلاکتوں سے ساڑھے 12 فیصد کم تھیں۔

آلودگی کی وجہ سے ملک کی آبادی کو پھیپھڑوں کے کینسر سمیت کئی دیگر بیماریوں، امراض قلب، ذیابیطیس، نوزائیدہ بچوں کے امراض اور امراض چشم کے مسائل کا سامنا ہے۔

بھارتی دارالحکومت کو دنیا کا سب سے آلودہ دارالحکومت بتایا گیا ہے اور اسے آلودگی کی وجہ سے دنیا میں سب سے زیادہ فی کس معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

نئی دیلی میں فضائی آلودگی سے حد نگاہ کم ہو گئی ہے جو صحت کے مسائل کے ساتھ ساتھ حادثات کا باعث بنتی ہے۔
نئی دیلی میں فضائی آلودگی سے حد نگاہ کم ہو گئی ہے جو صحت کے مسائل کے ساتھ ساتھ حادثات کا باعث بنتی ہے۔

2019 میں ہونے والی ہلاکتوں کی وجہ سے ملک کو 36 اعشاریہ 8 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جو بھارت کی مجموعی داخلی پیداوار کا ایک اعشاریہ 36 فیصد بنتا ہے۔ آلودگی کی وجہ سے بہار اور اتر بردیش جیسی گنجان آباد اور کم آمدن والی ریاستوں کی مجموعی داخلی پیداوار کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ’’کووڈ 19 کی وجہ سے بھارت میں لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران فضائی معیار میں بہتری اور پابندیوں کے ہٹائے جانے کے بعد آلودگی میں دوبارہ اضافے سے یہ سبق ملتا ہے کہ فضائی آلودگی میں کمی انسانی سرگرمیوں میں کمی سے ممکن ہے۔‘‘

بھارتی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر بھارت 2024 تک 4 ٹرلین ڈالر کی معیشت بننا چاہتا ہے تو اسے آلودگی کے کنٹرول کے لیے مخصوص سرکاری پروگرامز پر مزید سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت بھارت کی مجموعی داخلی پیداوار کا تخمینہ 2 اعشاریہ 9 ٹرلین ڈالر لگایا جاتا ہے۔

سوئیٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی فضائی معیار کو ماپنے والی ٹیکنالوجی کمپنی IQAir نے منگل کے روز ایک رپورٹ میں بتایا کیا کہ بھارت کے تین بڑے شہر، نئی دہلی، کلکتہ اور ممبئی کا شمار دنیا کے 20 آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG