رسائی کے لنکس

نوجوان دنیا کے لیے ایک امید ہیں: پوپ بینی ڈکٹ


پوپ بینی ڈکٹ
پوپ بینی ڈکٹ

یکم جنوری کو منائے جانے والے دن کے لیے اپنے پیشگی پیغام میں پوپ بینی ڈکٹ نے دنیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ: "ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے ہمارے وقت پر کسی کا سایہ ہوگیا ہو"

رومن کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ بینی ڈکٹ نے اپنے ایک پیغام میں دنیا کو مستقبل کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

رومن کیتھولک کلیسا نئے سال کے پہلے دن کو 'عالمی یومِ امن' کے طور پر مناتا ہے۔ اس برس یکم جنوری کو منائے جانے والے دن کے لیے اپنے پیشگی پیغام میں پوپ بینی ڈکٹ نے دنیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جیسے ہمارے وقت پر کسی کا سایہ ہوگیا ہو"۔

پوپ نے اپنے پیغام میں دنیا کے کئی خطوں میں موجود معاشی مسائل اور بےروزگاری کے باعث دنیا کی آبادی بالخصوص نوجوان طبقے میں بڑھتی ہوئی پریشانی کاحوالہ بھی دیا ہے۔

مذہبی پیشوا نے دنیا بھر کے رہنماؤں پہ زور دیا ہے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ منافع خوری اور مادی اشیا کے حصول پر مرکوز رکھنا ترک کریں کیوں کہ اس جانب حد سے زیادہ ارتکاز، ان کے بقول، انسانی مزاج کے لیے ایک خطرہ ہے۔

جرمن نژاد پوپ بینی ڈکٹ نےاپنے پیغام میں کہا ہےکہ دنیا کے نوجوانوں کوامید اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عالمی رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں اور نوجوان خان دانوں کی تعلیم اور دیگر سہولیات تک رسائی کو ممکن بنائیں۔

پوپ نے نوجوانوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ پست ہمتی کا شکار نہ ہوں کیوں کہ، ان کے بقول، نوجوان ہی دنیا کو ایک نئی امید دے سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG