رسائی کے لنکس

پوپ اسپین پہنچ گئے، دورے کے اخراجات پر احتجاج جاری


پوپ اسپین پہنچ گئے، دورے کے اخراجات پر احتجاج جاری
پوپ اسپین پہنچ گئے، دورے کے اخراجات پر احتجاج جاری

عیسائیوں کے مذہبی پیشوا کیتھولک گرجا گھر کے زیرِا ہتمام منائے جانے والے نوجوانوں کے جشن میں شرکت کے لیے اسپین پہنچے ہیں جہاں ان کے دورے کے کثیر اخراجات قومی خزانے سے پورا کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

جمعرات کو اسپین پہنچنے پر ملک کے بادشاہ اور ملکہ نے دارالحکومت میڈرڈ کے ایئر پورٹ پر پوپ کا استقبال کیا۔ ویٹی کن کے پرچم اٹھائے نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد بھی اس موقع پر پوپ کے استقبال کے لیے موجود تھی۔

نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر ہونے والی تقریبات میں ہفتہ کو "عوامی اعترافِ جرم" اور دعائیہ تقریب ہوگی جس میں پوپ بھی شرکت کریں گے۔ بعد ازا ں اتوار کی صبح عوامی جشن منایا جائے گا۔

پوپ اپنے دورے کے دوران اسپین کے وزیرِاعظم جوز لوئس زپارٹیرو سے بھی ملاقات کریں گے جن کی حکومت کی طلاق کے قوانین میں نرمی، اسقاطِ حمل پر عائد پابندیوں میں استثنیٰ، ہم جنس شادیوں کی اجازت اور ہم جنس جوڑوں کو بچے گود لینے کی قانونی اجازت دینے سمیت کئی پالیسیوں کی چرچ شدید مخالفت کرتا آیا ہے۔

پوپ کی حیثیت سے 2005ء میں ہونے والے اپنے انتخاب کے بعد سے بینی ڈکٹ کا اسپین کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ تاہم حالیہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ہسپانوی معیشت ابتری کا شکار ہے اور پوپ کے دورے پر اٹھنے والے 72 ملین ڈالرز کے اخراجات اور ہسپانوی سیاست میں کیتھولک چرچ کا کردار ملک میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔

قبل ازیں بدھ کو میڈرڈ میں پوپ کی آمد کے خلاف ہونے والے مظاہرے کے شرکاءاور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا۔ مظاہرے کے ہزاروں شرکاء نے میڈرڈ کی سڑکوں پر مارچ کیا اور ناقدانہ نعرے بازی کی۔

ہسپانوی اخبار 'الپائز' کے مطابق جھڑپوں میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ آٹھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پوپ کے چار روزہ دورے پر ہونے والی بیشتر تنقید "انڈیگ نینٹ ونز' نامی احتجاجی تحریک کی جانب سے کی جارہی ہے جو اسپین کی معاشی صورتِ حال، حکومت کی جانب سے اخراجات میں کٹوتیوں اور ملک میں بے روزگاری کی موجودہ 21 فی صد شرح کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

XS
SM
MD
LG