رسائی کے لنکس

پوپ کے دورہ اسپین پر اٹھنے والے اخراجات پر تنقید


پوپ بینی ڈکٹ
پوپ بینی ڈکٹ

عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ بینی ڈکٹ کے آئندہ ہفتے ہونے والے دورہ اسپین پر اٹھنے والے اخراجات پر کئی عیسائی گروپوں اور پادریوں نے کڑی تنقید کی ہے۔

پوپ کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب اسپین کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے جس کے باعث بجٹ میں بڑے پیمانے پر کٹوتیاں کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ پوپ بینی ڈکٹ 18 اگست کو میڈرڈ پہنچیں گے جہاں وہ رومن کیتھولک چرچ کی جانب سے نوجوانوں کے عالمی دن کے حوالے سے منائے جانے والے جشن کی آخری چار روزہ تقریبات میں شرکت کریں گے۔ امکان ظاہر کیاجارہا ہے کہ جشن میں شریک ہونے والے افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرسکتی ہے۔

'ورلڈ یوتھ ڈے' نامی اس فیسٹول کے منتظمین نے جشن پر اٹھنے والے اخراجات کا تخمینہ 50 سے 60 ملین یورو لگایا ہے جس میں سکیورٹی کی مد میں ہونے والے اخراجات شامل نہیں ہیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ جشن کے 80 فی صد اخراجات چرچ کو ملنے والے عطیات سے پورے کیے جائیں گے جبکہ باقی ماندہ اخراجات کمپنیوں اور مختلف افراد کی جانب سے ادا کیے جائیں گے۔

اسپین کی حکومت نے 'ورلڈ یوتھ ڈے فیسٹول' کو "انتہائی عوامی دلچسپی " کی سرگرمی قرار دے دیا ہے جس کے نتیجے میں جشن کے کارپوریٹ معاونین کو ان کے عطیات پر ادا کیے جانے والے محصولات کا 80 فی صد تک واپس کردیا جائے گا۔

میڈرڈ کے غریب ترین علاقوں کے 120 پادریوں پر مشتمل گروپ 'دی پریسٹ فورم' نے مذکورہ اقدام کے ذریعے ایک ایسے وقت میں سرکاری محصولات کو نقصان پہنچانے پر تنقید کی ہے جب گروپ کے مطابق حکومت نے مالی بحران کے باعث معاشرتی بھلائی کے منصوبوں پر ہونے والے اخراجات اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کردی ہے۔

لگ بھگ 150 تنظیموں اور گروپوں نے پوپ کی اسپین آمد سے ایک روز قبل 17 اگست کو احتجاج کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ احتجاج کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ پوپ کے دورے کے مخالف نہیں تاہم انہیں دورے پر ہونے والے اخراجات پورا کرنے کے طریقہ کار پر اعتراضات ہیں۔

XS
SM
MD
LG