برطانوی شہزادے ولیم کی کیتھرین مڈلٹن سے شادی پر خوشی کے اظہار کے لیے نیویارک میں بھی کئی بڑی تقریبات میں منائی گئیں۔
شہر کے وسط میں واقع مشہور ٹائمز سکوئر میں ٹی ایل سی چینل کے تحت منعقد کی گئی پارٹی میں مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے سے ہی لوگ جمع ہونا شروع ہو گئے تھے اور اپنے چاروں طرف لگی ہوئی بڑی بڑی ٹی وی سکرینوں پر برطانیہ سے براہ راست نشریات دیکھ رہے تھے۔
بہت سی خواتین و حضرات خصوصی طور پر اس موقعے کے لیے تیار ہو کر آئے تھے۔ خواتین نے شادی میں موجود مہمان خواتین کی طرح سر پر خوبصورت و رنگین ٹوپیاں یا ہیٹس پہن رکھی تھیں۔ جبکہ بہت سے مردوں نے ایسی ٹوپیاں اوڑھ رکھی تھیں جن پر برطانوی جھنڈے بنے تھے۔ جب ملکہ برطانیہ یا شاہی خاندان کا کوئی بھی فرد سکرین پر نظر آتا تو لوگ تالیاں بجانا اور شور مچانا شروع کر دیتے تھے۔
بی بی سی امریکہ کی طرف سے منعقد کی گئی تقریب نیو یارک کے مشہور بروکلین برج کے نیچے تھی۔ یہاں صبح پانچ بجے سے لوگ جمع ہونا شروع ہوگئے تھے اور ایک بہت بڑی ٹی وی سکرین پر شادی کی تقریبات براہ راست دکھائی جا رہی تھیں۔ لوگ برطانوی طرز کے ناشتے کا سامان ساتھ لائے تھے اور میزوں پر پکنک کی طرز میں انہوں نے اپنے اپنے دسترخوان بچھا رکھے تھے۔ یہاں بھی خوصورت لباسوں اور رنگین ٹوپیوں کی ایک بڑی تعداد نظر آئی۔
نیو یارک کے ویسٹ ولج نامی علاقے میں ایک سڑک ایسی بھی ہے جسے لٹل برٹن (چھوٹا برطانیہ) کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس سڑک پر بہت سے برطانوی ریستوران ہیں۔ یہاں پر شادی کی تقریبات صبح چھ بجے شروع ہوئیں۔ یہاں سینکڑوں کی تعداد میں چھوٹی چھوٹی جھنڈیوں کی صورت میں برطانوی جھنڈے کی لڑیاں جگہ جگہ لٹکی نظر آئیں، جبکہ کئی ریستورانوں پر بڑے بڑے برطانوی پرچم بھی لہرا رہے تھے۔
ان تقریبات میں کئی افراد اپنے بچوں کو ساتھ لائے تھے اور خصوصًا چھوٹی بچیاں شہزادیوں جیسے لباسوں میں ملبوس تھیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں یہ تقریبات کئی گھنٹے جاری رہیں۔ ان میں شامل لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے اور اگلی دفعہ یہ موقع نجانے کب آئے اس لیے وہ تاریخ کا حصّہ بننا چاہتے ہیں۔