رسائی کے لنکس

پاک افغان مجوزہ کرکٹ سیریز منسوخ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور افغانستان کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی کی امید محض چند روز کے بعد ہی دم توڑ گئی اور دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے ٹی ٹوئنٹی میچز کی مجوزہ دوستانہ سیریز منسوخ کر دی گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے ہی دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے سربراہاں نے اس مجوزہ سیریز پر اتفاق کیا تھا جس میں کابل اور لاہو میں ایک، ایک ٹی ٹوئنٹی میچ جولائی یا اگست میں کھیلے جانے کی توقع تھی۔

بدھ کو دیر گئے افغان کرکٹ بورڈ نے ٹوئٹر پر کہا کہ ابتدائی طور پردونوں ملکوں کے درمیان باہمی کرکٹ کی بحالی پر اتفاق سمیت پاکستان کے ساتھ دوستانہ کرکٹ میچز کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ٹوئٹ میں منسوخی کی وجہ تو نہیں لکھی گئی تھی لیکن اس کے ساتھ کابل دھماکے کا ہیش ٹیگ استعمال کیا گیا تھا اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ ہی اس منسوخی کی وجہ ہو سکتا ہے۔

بدھ کی صبح کابل میں ایک ٹرک بم دھماکے میں 80 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

ایک بیان میں بورڈ کا کہنا تھا کہ ’’ایک ایسے ملک کے ساتھ کسی قسم کے دوستانہ میچز اور باہمی تعلقات کے معاہدے ممکن نہیں جہاں دہشت گرد رہتے ہوں اور انھیں محفوظ پناہ گاہیں مہیا کی جاتی ہیں۔‘‘

پاکستان کرکٹ بورڈ ’’پی سی بی‘‘ نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خود بھی اس مجوزہ سیریز کی منسوخی کا اعلان کر دیا اور افغان کرکٹ بورڈ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کیا۔

جمعرات کو ایک بیان میں پی سی بی کا کہنا تھا کہ وہ کابل دھماکے سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ اظہار ہمدردی رکھتا ہے لیکن افغان کرکٹ بورڈ کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کرتا ہے۔

بیان کے مطابق پی سی بی نے ہمیشہ سے افغانستان میں کرکٹ کے فروغ کی حوصلہ افزائی کی ہے اور لاکھوں افغان پناہ گزینوں پہلی مرتبہ کرکٹ سے پاکستان میں ہی آشنا کروایا گیا۔

پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ پاکستان کا ورہ کرنے والےافغان کرکٹ بورڈ کے وفد کا اصرار رہا کہ سیاست کو کرکٹ پر اثر انداز نہیں ہونے دینا چاہیے لیکن اب وہ خود سیاست کر رہا ہے۔

دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کا اثر کرکٹ روابط پر بھی پڑا ہے اور ایک عرصے سے دونوں کے درمیان کوئی کرکٹ سیریز نہیں ہوئی ہے۔

مجوزہ سیریز پر اتفاق کی خبریں سامنے آنے کے بعد ہی سے خاص طور پر افغان شہریوں کی طرف سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کرکٹ بورڈ کو پاکستان کے ساتھ کرکٹ روابط کی بحالی پر سخت سنائی جا رہی تھیں۔

افغان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شکراللہ عاطف مشال یہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ کی بحالی کا فیصلہ قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG