رسائی کے لنکس

پی ایس ایل کے فائنل میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدِ مقابل، کس کا پلڑا بھاری ہے؟


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں سیزن کا فاتح کون ہوگا اس کا فیصلہ پیر کو ہو گا جب سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں ہفتے کو کراچی میں کھیلے گئے دوسرے اور فیصلہ کن ایلی منیٹر میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز اسکور کیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے یہ ہدف 19ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس میچ میں کامیابی کے بعد اسلام آباد کی ٹیم 2018 کے بعد پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی ہے جب کہ مجموعی طور پر ان کا تیسرا فائنل ہوگا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ جب بھی اسلام آباد کی ٹیم فائنل میں پہنچتی ہے ٹرافی جیت کر ہی واپس آئی ہے۔

دوسری طرف ملتان سلطانز کا یہ مسلسل چوتھا اور مجموعی طور پر پانچواں فائنل ہوگا۔

اگر اسلام آباد یونائیٹڈ نے فائنل جیت لیا تو تین پی ایس ایل جیتنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔

محمد رضوان کی ملتان سلطانز کی کامیابی کی صورت میں وہ اسلام آباد اور لاہور کے بعد دو بار ٹرافی جیتنے والی تیسری ٹیم بن جائے گی۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 اور 2018 میں جب کہ ملتان سلطانز نے 2021 میں پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

سال 2022 اور 2023 میں مسلسل ٹائٹل جیتنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔

عماد وسیم، حیدر علی نے پشاور زلمی کو ممکنہ فتح سے محروم کیا

ہفتے کو ہونے والے دوسرے ایلی مینیٹر میں عماد وسیم اور حیدر علی کی نصف سینچریوں کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو پی ایس ایل 9 سے ایلی منیٹ کر دیا۔

ناک آؤٹ مقابلے میں میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صائم ایوب کی 44 گیندوں پر 73 رنز کی بدولت 5 وکٹ کے نقصان پر 185 رنز اسکور کیے۔

ان کی اننگز میں چار چھکوں کے ساتھ ساتھ چھ چوکے بھی شامل تھے۔

محمد حارث نے بھی 25 گیندوں پر 40 رنز اسکور کرکے ایک بڑے اسکور کو یقینی بنایا۔

نسیم شاہ تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے۔

جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو آغاز میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پہلے اوور میں ایلکس ہیلز، تیسرے اوور میں سلمان علی آغا اور چوتھے اوور میں کپتان شاداب خان کے آؤٹ ہوجانے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ باآسانی پشاور کی ٹیم میچ جیت جائے گی۔

ایسے میں عماد وسیم نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے مارٹن گپٹل کے ساتھ قیمتی 29 رنز اور پھر اعظم خان کے ساتھ 41 رنز جوڑے جس سے ا ن کی ٹیم میچ میں واپس آئی۔

تاہم چھٹی وکٹ کی شراکت میں انہوں نے حیدر علی کے ساتھ 98 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ قائم کی۔

اس نے پشاور زلمی کو میچ سے اور پی ایس ایل نائن دونوں سے آؤٹ کر دیا۔


عماد وسیم 40 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے 59 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ان کے ساتھ حیدر علی 29 گیندوں پر 52 رنز کے ساتھ ناقانل شکست رہے۔ ان کی اننگز میں پانچ چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔

صائم ایوب کی دو وکٹیں بھی پشاور زلمی کو شکست سے نہ بچاسکیں۔

ان کے ایک اوور میں مارٹن گپٹل کے 22 رنز میچ کا اہم موڑ ثابت ہوئے۔

کیوی بلے باز نے پانچویں اوور میں اس وقت چار چوکے اور ایک چھکا مارا جب ان کی ٹیم کا اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 23 رنز تھا۔

ان کے 22 رنز نے ان کے بعد آنے والے بلے بازوں کا حوصلہ بڑھایا جنہوں نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کیا۔

عماد وسیم کو ان کی عمدہ بلے بازی پر پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ گزشتہ میچ میں بھی انہیں ان کی بالنگ پر اسی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

فائنل میں اسلام آباد اور ملتان میں سے کس ٹیم کا پلڑا بھاری ہے؟

پاکستان سپر لیگ نائن کا فائنل پیر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور مسلسل چار فائنل کھیلنے والی ملتان سلطانز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

ایونٹ میں اب تک ملتان سلطانز نے 11 میچز کھیلے ہیں جس میں سے اسے 8 میں کامیابی حاصل ہوئی جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 12 میچز میں سے 7 جیتے ہیں۔

بیٹنگ کے شعبے میں ملتان سلطانز کا پلڑا بھاری ہے جن کے دو بلے باز محمد رضوان اور عثمان خان اس سیزن کے ٹاپ تین اسکوررز میں شامل ہیں۔

سب سے زیادہ رنز بناکر حنیف محمد کیپ کے مالک اب تک بابر اعظم ہیں جن کے 569 رنز نے پشاور زلمی کی پیش قدمی میں اہم کردار ادا کیا۔

تاہم 11 میچوں میں 381 اور 6 میچوں میں 373 رنز بناکر محمد رضوان اور عثمان خان بھی دوسروں سے آگے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے سب سے کامیاب بلے باز کولن منرو نے 9 میچوں میں 309 رنز اسکور کیے ہیں لیکن ایلی منیٹر راؤنڈ سے قبل وہ ان فٹ ہوگئے تھے۔

ان کی فائنل میں شرکت کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان بھی 301 اور سلمان علی آغا 300 رنز کے ساتھ نمایاں ہیں۔

بالنگ کے شعبے میں بھی ملتان سلطانز حریف ٹیم سے آگے ہے۔

فضل محمود کیپ کے دعویدار اسامہ میر 23 وکٹوں کے ساتھ ریس میں سب سے آگے ہیں۔

دوسرے نمبر پر انہی کی ٹیم کے محمد علی 18 وکٹوں کے ساتھ موجود ہیں۔

ملتان کے نائب کپتان ڈیوڈ ولی 14 اور عباس آفریدی 13 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد کے کامیاب ترین بالر نسیم شاہ 15 شکار کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

وہ میچ کے دوران معمولی انجری کی وجہ سے باہر چلے گئے تھے لیکن بعد میں واپس آکر انہوں نے چار اوورز مکمل کیے۔

بارہویں نمبر ہر 11 وکٹوں کے ساتھ موجود شاداب خان کے پاس فائنل میں اپنی وکٹوں کی تعداد بڑھانے کا ایک اچھا موقع ہوگا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG