کراچی —
پاکستان سپر لیگ میں لو اسکورنگ میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو تین وکٹوں سے ہرا دیا۔ لاہور قلندر نے جیت کیلئے 60 رنز کا ہدف دیا، جواب میں پشاور زلمی نے7 وکٹیں گنوا کر بمشکل ہدف پورا کیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے چھٹے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جو اس وقت درست ثابت ہوا جب دوسرے ہی اووز میں صرف 9 رنز پر لاہور قلندرز کے 3 ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔
کپتان برینڈن مک کولم اور عمر اکمل بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے، اس کے ساتھ ہی عمر اکمل نےٹی 20 کرکٹ میں 24 مرتبہ صفر پر آئوٹ ہونے کا ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔ جیسن روئے نے 9 رنز بنائے۔
وکٹیں گرنے کا سلسلہ یوں ہی جاری رہا اور ایک کے بعد ایک بیٹسمین آتا اور پویلین سے کریز تک کا فاصلہ ناپ کر واپسی کی راہ لیتا۔
بیٹسمینوں کی عجلت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ صرف فخر زمان اور محمد رضوان دوہرے ہندسے میں اسکور کر سکےم جبکہ چار کھلاڑی ایسے تھے جو کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔
جہاں پشاور زلمی کے بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا، وہیں فیلڈرز نے بھی بھرپور ساتھ دیا اور کئی عمدہ کیچ پکڑے۔ یوں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 10 اعشاریہ 2 اوورز میں 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پشاور زلمی کی طرف سے حسن علی نے 3، کرس جورڈن نے 2 جبکہ محمد اصغر، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
مختصر سے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز بھی ڈرامائی انداز میں ہوا اور صرف چار رنز پر دونوں اوپنرز محمد حفیظ اور میلان بالترتیب 3 اور ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اسکور میں صرف 20 رنز کے اضافے کے بعد کامران اکمل بھی صرف 3 رنز بناکر چلتے بنے۔
پشاور زلمی نے آسان ہدف کو مشکل بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی اور بوم بوم آفریدی حسب روایت گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 13 رنز کی اننگز کھیلی۔
نئے آنے والے بیٹسمین صہیب مقصود بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ کپتان ڈیرن سیمی کو یاسر شاہ نے 3 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔
پشاور زلمی کے بھی صرف دو بیٹسمین ایون مورگن اور شاہد آفریدی ڈبل فیگر میں اسکور کرسکے۔ اس طرح پشاور زلمی نے 17 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
لاہور قلندرز کے یاسر شاہ کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا، یاسر شاہ نے صرف 7 رنز دے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان سپر لیگ میں 15 فروری کو واحد میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان شارجہ میں کھلا جائے گا۔