پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے دوسرے ناک آوٹ مرحلے میں پشاور زلمی کی ٹیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آٹھ وکٹوں سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں اس کا مقابلہ 24 جون کو ملتان سلطان کے ساتھ ہو گا۔
ابو ظہبی میں منگل کو کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی کے اوپنر حضرت اللہ زازئی نے ایک مرتبہ پھر شاندار اننگز کھیلی اور 44 گیندوں پر 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کی اننگ میں چار چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ انہیں محمد وسیم نے بولڈ کیا۔ اس مرتبہ حضرت اللہ زازئی نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ جوناتھن ویلز نے 43 گیندوں پر 55 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے۔ شعیب ملک نے دس گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
ابتدا میں ہی کامران اکمل کی وکٹ کے نقصان کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 126 رنز کی شراکت نے پشاور زلمی کے لیے میچ کو یک طرفہ بنا دیا۔ اور 176 رنز کا ہدف باآسانی 17 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے شاداب خان سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے جنہوں نے چار اوورز میں بنا وکٹ لیے 55 رنز دیے۔ محمد وسیم نے 32 اور حسن علی نے 43رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔ وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے سبب شاداب الیون تیزی سے رنز نہ بنا سکی اور ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ 150 کا ہدف دینا بھی مشکل ہو گا اس موقع پر نویں وکٹ پر حسن علی اور محمد وسیم کے درمیان 62 رنز کی شراکت ہوئی۔
حسن علی نے دھواں دھار اننگ کھیلی اور 16 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ محمد وسیم نے بھی گیارہ گیندوں پر دو چھکوں کے ساتھ 17 رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹاپ آرڈر میں کالن منرو 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ برینڈن کنگ 18، افتخار احمد 10، شاداب خان 15 اور آصف علی آٹھ رنز بنا سکے۔
پشاور زلمی کی طرف سے وہاب ریاض اور عمید آصف نے دو دو جب کہ محمد عمران، محمد عرفان اور عماد آصف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پشاور زلمی کی ٹیم چوتھی مرتبہ فائنل میں پہنچی ہے اور اس سے قبل ایک مرتبہ چیمپئن بھی رہ چکی ہے۔
ملتان سلطانز چوتھی مرتبہ ایونٹ میں شریک ہے اور رواں ایڈیشن میں وہ پہلے ہی محمد رضوان کی قیادت میں فائنل میں جگہ بنا چکی ہے۔