رسائی کے لنکس

لودھراں میں شکست پر کارکن دلبرداشتہ نہ ہوں: عمران خان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اپنے جماعت کے کارکنوں سے کہا ہے کہ ناکامی، غلطی کا تجزیہ کر کے اُسے ٹھیک کرنے اور مزید مضبوط بننے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع لودھراں کے قومی اسمبلی کے ایک حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار کی کامیابی کو جہاں حکمران جماعت اپنے موقف کی فتح قرار دے رہی ہے وہیں تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ ناکامی غلطی کو درست کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

ضلع لودھراں کے حلقہ این اے 154 سے قومی اسمبلی کی نشست تحریکِ انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

اس نشست پر تحریکِ انصاف نے جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو بطور اُمیدوار میدان میں اتارا تھا جن کا مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے سید اقبال شاہ اُمیدوار تھے۔

ووٹنگ سے قبل تحریکِ انصاف کے اُمیدوار کو ’فیورٹ‘ قرار دیا جا رہا تھا لیکن نتائج اس سے مختلف نکلے اور مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار نے جہانگیر ترین کے بیٹے کو 25 ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے شکست دے دی۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیر اقبال شاہ کو ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد ووٹ ملے جب کہ علی ترین نے 87 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے منگل کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کہا کہ اُن کے خلاف ’جھوٹے مقدمات‘ کا جواب عوام انتخابات میں اپنی رائے کا اظہار کر کے دے رہے ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ اُن سے انتقام لینے والوں سے لودھراں میں عوام نے انتقام لے لیا۔

’’جو کچھ یہ ہمارے ساتھ کر رہے ہیں، پاکستان کے عوام جواب دے رہے ہیں۔۔۔ احتساب کے نام پر جو انتقام ہے، یہ اس کا عوامی ردعمل ہے۔ میرا مقدمہ پاکستان کے عوام لڑ رہے ہیں۔‘‘

تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اپنے جماعت کے کارکنوں سے کہا ہے کہ ناکامی، غلطی کا تجزیہ کر کے اُسے ٹھیک کرنے اور مزید مضبوط بننے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

’پی ٹی آئی‘ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ کامیاب ادارے، ملک اور افراد اپنی ناکامیوں ہی سے سبق سیکھتے ہیں۔

2015 میں ضمنی انتخاب میں لودھراں کے اسی حلقے سے جہانگیر ترین بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG