پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے قتل کی سازش کے مسلسل دعووں کے بعد تحریکِ انصاف نے کہا ہے کہ ایک سابق فوجی افسر کو پارٹی قائد کی سیکیورٹی کا انچارج لگا دیا گیا ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی)کے مطابق سابق ایس ایس جی کمانڈو لیفٹننٹ کرنل عاصم کو عمران خان کی سیکیورٹی کے لیے ٹیم کا سربراہ تعینات کیا گیا ہے۔
تحریکِ انصاف نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ میں عوام سے عمران خان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کی بھی درخواست کی ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان نے طاقت ور مافیا کو چیلنج کیا ہے اور وہ تمام خطرات سے آگاہ ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان اپنے جلسوں میں اب تواتر کے ساتھ یہ دعوے کر رہے ہیں کہ جس طرح ان کی حکومت ایک سازش کے تحت ختم کی گئی اسی طرح اب ان کی جان لینے کے لیے ایک سازش رچائی جا رہی ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے حال ہی میں سیالکوٹ اور فیصل آباد کے جلسوں میں قتل کی سازش کا دعویٰ کیا تھا لیکن انہوں نے سازش کرنے والوں کے نام نہیں بتائے تھے۔
عمران خان کے ان دعووں پر وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنااللہ کہتے ہیں سابق وزیرِ اعظم اپنی سیکیورٹی کو سیاسی پراپیگنڈے کے طورپر پیش نہ کریں۔ اگر ان کے پاس شواہد ہیں تو انہیں شیئر کریں۔
رانا ثنااللہ نے پیر کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اگر عمران خان اپنی جان کو خطرے سے متعلق معلومات فراہم نہیں کرتے تو امریکی سازش کے بیانیے کی طرح ان کے سیکیورٹی خطرات کے بیانیے کو بھی ایک پولیٹیکل اسٹنٹ تصور کیا جائے گا۔