جماعت اسلامی کی جانب سے بدعنوانی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی کرپشن کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ وہ اس تحریک کا آغاز منگل 26 اپریل سے سندھ سے کریں گے جبکہ اگلی اتوارکو لاہور جائیں گے ۔
انہوں نے تحریک چلانے کا اعلان اتوار کی شام اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کا وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم پاناما پیپرز کی تحقیقات کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کا قیام چاہتے ہیں، آپ کے بنائے ہوئے کمیشن کو عوام نہیں مانیں گے۔
عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کو خطاب کے دوران آڑے ہاتھوں لیا اور سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ان کا کہنا تھا ’ احتساب ہوگا، پاکستانی قوم اب چپ نہیںبیٹھے گی۔ میاں صاحب آپ کو اثاثے ڈکلیئر کرنا ہوں گے، آپ کا احتساب ہوگا، یہ نہ کہیں کہ 200 افراد کا احتساب ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ کو جانا پڑے گاکیونکہ آپ کے پاس وزیر اعظم رہنے کا اب کوئی جواز نہیں رہ گیا۔
عمران خان نے کہا کہ ’عوام کے پاس کھانے کو نہیں اور 200ارب روپے کی اورنج لائن ٹرین بنائی جارہی ہے، اورنج ٹرین کمیشن کیلئے بنائی جارہی ہے، عوام پرخرچ ہونےوالاپیسا مگرمچھوں کےپیٹ میں جارہاہے۔‘
پی ٹی آئی رہنما سورن سنگھ کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ’ مجھے سورن سنگھ کے قتل سے بہت تکلیف ہوئی ہے،سورن سنگھ کے بیوی بچے ملک چھوڑنا چاہتے تھے لیکن سورن سنگھ نے پاکستان میں رہنے کا فیصلہ کیا۔‘
عمران خان نے حاضرین جلسہ سے عہد لیا کہقلیتوں کو وی آئی پی بنانا ہے اور ان کی قدر کرنی ہے،ہندؤوں، سکھوں اور مسیحوں کا دھیان رکھنا ہے۔‘