رسائی کے لنکس

فیفا ورلڈ کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان، کیا قطر میزبانی کے لیے تیار ہے؟


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

قطر نے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 21 نومبر کو جب کہ فائنل 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

کسی عرب ملک کی میزبانی میں ہونے والے اس پہلے ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ شیڈول کے مطابق میچز مختلف مراحل میں 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی میچ 21 نومبر کو قطر کے شمالی شہر الخور میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق گروپ اسٹیج 12 روز تک جاری رہے گا جس میں ہر روز چار میچز کھیلے جائیں گے۔ راؤنڈ آف 16 میں آٹھ میچز جب کہ چار کوارٹر فائنلز اور دو سیمی فائنلز کے بعد میگا ایونٹ کا فائنل 18 دسمبر کو دوحہ میں کھیلا جائے گا۔

قطر پہلا مسلم اکثریتی ملک ہے جسے ورلڈ کپ کی میزبانی سونپی گئی ہے جب کہ 2002 میں جنوبی کوریا اور جاپان کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد ایشیا میں ہونے والا یہ پہلا ورلڈ کپ ہوگا۔

عالمی مقابلے کے انتظامات کے لیے قطر میں اسٹیڈیمز کی تعمیر سمیت بڑے پیمانے پر تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم کرونا کی وبا اور دیگر انتظامی مسائل کے باعث تعمیرات کا بہت سا کام تاحال باقی ہے۔

قطر نے ورلڈ کپ کی میزبانی ملنے کے بعد قطر ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی قائم کی تھی جو خلیجی ملک میں ہنگامی بنیادوں پر اسٹیڈیمز، سڑکیں، ہوٹلز اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر کی نگرانی کر رہی ہے۔

اسٹیڈیمز کے لیے شہروں کے مضافات میں وسیع قطعۂ اراضی مختص کی گئی ہے جہاں مختلف اسٹیڈیمز تاحال زیرِ تعمیر ہیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیمز کے درمیان فاصلہ کم ہونے کے باعث ٹیموں اور شائقین کو فضائی سفر نہیں کرنا پڑے گا جب کہ شائقین ایک ہی دن میں مختلف میچز سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

قطر ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ نصیر الختر نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کا 90 فی صد کام مکمل ہوچکا ہے جب کہ دیگر تعمیراتی کام بھی شیڈول کے مطابق مکمل کرلیے جائیں گے۔

فیفا کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق پہلا میچ الخور کے البیت اسٹیڈیم میں اور فائنل لوسیل اسٹیڈیم دوحہ میں کھیلا جائے گا۔ البیت اسٹیڈیم میں 60 ہزار اور لوسیل میں 80 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

ناک آؤٹ راؤنڈ 3 دسمبر سے 6 دسمبر تک جاری رہے گا۔ کوارٹر فائنل میچز 9 اور 10 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جب کہ سیمی فائنل 13 اور 14 دسمبر کو شیڈول ہیں۔

XS
SM
MD
LG