رسائی کے لنکس

ملکہ برطانیہ کی 90 ویں سالگرہ کے جشن کی تقریبات


کوئین الزبتھ کی سالگرہ کے موقع پر جمعرات کو ان کی سرکاری رہائش گاہ ونڈسر محل کے باہر ہزاروں لوگ انھیں مبارکباد پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے۔

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم جمعرات کو اپنی 90 ویں سالگرہ منارہی ہیں۔ انھوں نے اپنے طویل دور اقتدار میں ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہےاور طویل ترین بادشاہت کی تاریخ رقم کی ہے۔

کوئین الزبتھ کی سالگرہ کے موقع پر جمعرات کو ان کی سرکاری رہائش گاہ ونڈسر محل کے باہر ہزاروں لوگ انھیں مبارکباد پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے۔

اس موقع پر انھوں نے اپنے خیرخواہوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا جبکہ لوگوں سے سالگرہ کے تحائف، پھول اور کارڈز وصول کیے۔

کوئین الزبتھ سبز رنگ کے لباس اور میچنگ ہیٹ میں ملبوس تھیں اور بہت خوش اور مطمئن نظر آرہی تھیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کے شوہر شہزادہ فلپ بھی تھے۔

عام طور پر ملکہ 21اپریل کو اپنی سالگرہ کا دن انتہائی سادگی سے مناتی ہیں لیکن اس برس ان کی سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

تقریبات کا آغاز جمعرات کی صبح ونڈسر محل سے ہوا جہاں ملکہ نے ونڈسر محل کے راستے میں ایک چار میل لمبی پگڈنڈی 'کوئین واک وے' کی تختی کی نقاب کشائی کی۔

اس موقع پر فوجی میوزک بینڈ گولڈ اسٹریم کی جانب سے ملکہ کا استقبال خوشی کے ترانے بجا کر کیا گیا جبکہ شاہی خاندان کے چاہنے والوں کی طرف سے ملکہ کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کے لیے ہیپی برتھ ڈے کا ترانہ گایا جارہا تھا۔

حسب روایت انھوں ونڈسر کی مارکیٹ میں شہر کے عمر رسیدہ افراد کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔

اس موقع پر برٹش بیک آف مقابلے کی فاتح نادیہ حسین نے اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ اورنج ذائقے کا کیک ملکہ عالیہ کی خدمت میں پیش کیا جسے انھوں نے ہیپی برتھ ڈے کے ترانے کی گونج میں کاٹا۔

حسب روایت دوپہر میں رائل ہارس آرٹلری فوجی دستوں کی جانب سے ملکہ برطانیہ کو سلامی پیش کی گئی۔ اس سلسلے میں ہائیڈ پارک اور ایڈنبرا کیسل میں 41 اور ٹاور آف لندن میں 62 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

سالگرہ کی ایک اور تقریب میں بدھ کی شب ملکہ برطانیہ قومی مشعل روشن کریں گی جس کے بعد ملک بھر میں اور دولت مشترکہ کے رکن ممالک میں اسی طرح کی کم ازکم ایک ہزار سے زائد مشعلیں روشن کی جائیں گی۔

سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں ولی عہد شہزادہ چارلس کی طرف سے ملکہ عالیہ کے اعزاز میں ایک نجی عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس میں خاندان کے افراد اور خاص دوستوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

سالگرہ کی تقریبات جمعے کو بھی جاری رہیں گی جب ونڈسر محل میں کوئین الزبتھ اور شہزادہ فلپ امریکی صدر براک اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما کے اعزاز میں ایک ظہرانے کی میزبانی کریں گے۔

شاہی فوٹو گرافر کی جانب سے ملکہ کی 90 ویں سالگرہ پر شاہی خاندان کے ساتھ ان کی چندیادگار تصاویر جاری کی گئی ہیں جن میں سے ایک تصویر میں وہ اپنے پوتے، پوتی اور پڑ پوتے اور پڑپوتیوں کے ہمراہ نظر آرہی ہیں جبکہ ان کی گود میں گیارہ ماہ کی شہزادی شارلٹ ہیں۔

شہزادہ چارلس نے سالگرہ کے موقع پر ملکہ برطانیہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک ریڈیو پروگرام میں برطانوی مصنف و شاعر ولیم شیکسپیئر کے تاریخی ڈرامہ ہنری ششم کی کتاب سے کچھ حصہ پڑھ کر سنایا۔

سالگرہ کے موقر پر وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملکہ قوم کے لیے آہنی طاقت ہیں، جنھوں نے اپنی زندگی میں غیر معمولی حالات کا سامنا کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ملکہ نے اپنی پوری زندگی دوسروں کی خدمت میں وقف کردی ہے، انھوں نے ہمارے ملک کی نمائندگی کی ہے اور اپنی ذمہ داریوں کو انتہائی عاجزی کے ساتھ نبھایا ہے۔

برطانوی بادشاہت کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ملکہ برطانیہ کی طرف سے ان کی سالگرہ کی تقریبات منانے والے لوگوں کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

ملکہ کی سالگرہ کی شاہانہ تقریبات کا سلسلہ 10 سے 12 جون تک جاری رہے گا جب سرکاری سطح پر ان کی سالگرہ کا جشن منایا جائے گا۔

ان تقریبات میں ملکہ اور شاہی خاندان کے افراد لندن میں شاہی باغ سینٹ جیمز پارک کے دامن میں کھلے چوک پر سالگرہ کے ایک جلوس میں شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ وہ دارالحکومت لندن میں سالگرہ کی ایک بڑی تقریب میں شرکت کریں گی جس میں لگ بھگ دس ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ جبکہ خصوصی تقریبات کے دنوں میں لندن بھر میں ریستوران اور شراب خانے رات دیر تک کھلے رہیں گے۔

ملکہ الزبتھ الیگزینڈر مریم 21 اپریل 1926 کو لندن میں پیدا ہوئی تھیں۔ وہ ڈیوک آف یارک کی پہلی اولاد ہیں اور ملکہ وکٹوریہ کی پڑ پوتی ہیں۔

کوئین الزبتھ نے اپنے والد کنگ جارج ششم کی وفات کے بعد 1952ء میں شاہی منصب سنبھالا تھا اور اگلے سال انھیں برطانیہ کے علاوہ دولتِ مشترکہ کے سات ممالک - کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، پاکستان اور سری لنکا کی ملکہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔

XS
SM
MD
LG