گریٹ برٹش بیکنگ مقابلہ کی فاتح نادیہ حسین نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ملکہ برطانیہ کی 90 ویں سالگرہ کا کیک تیار کریں گی۔
بی بی سی کے بیکنگ شو 'گریٹ برٹش بیک آف 2015 ' کا ٹائٹل جیتنے والی 31 سالہ نادیہ حسین نے جمعہ کو ایک ٹی وی شو میں بتایا کہ انھیں یہ عزت بخشی گئی ہے کہ وہ اس سال کوئین الزبیتھ دوئم کی سالگرہ کے موقع پر ان کی خدمت میں ایک خاص کیک پیش کریں گی۔
آئی ٹی وی کے ایک مارننگ شو میں ان کا کہنا تھا کہ یہ خاص کیک وہ اورنج یا سنترے کے ذائقے کے ساتھ تیار کر سکتی ہیں اور اس کیک کی تیاری میں وہ سنترے کی دہی اور سنترے کی بٹر کریم اور سنترہ کے فونڈنٹ کا استعمال کریں گی۔
گریٹ برٹش بیکنگ مقابلے کی پہلی مسلمان فاتح نادیہ حسین نے کہا کہ مجھے ایک ای میل کے ذریعے شاہی دعوت کی اطلاع موصول ہوئی تھی جسے میں مذاق سمجھی تھی لیکن بعد میں ملکہ کے ایک ایجنٹ کی فون کال نے اس خبر کی تصدیق کر دی۔
تاہم نادیہ کا کہنا تھا کہ یہ بات انھوں نے تین ہفتے تک سب سے چھپائے رکھی تھی۔
نادیہ تین بچوں کی ماں ہیں انھوں نے بیکنگ کی بنیادی مہارت اسکول اور اپنے گھر میں بیکنگ کی کتابوں پڑھ کر اور یو ٹیوب کی ویڈیوز دیکھ کر سیکھی ہے۔
نادیہ نے بتایا کہ انھوں نے ملکہ کی سالگرہ کے لیے ایک مختلف کیک بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کا یہ کیک بہت زیادہ ترش اور رس دار ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ کیک ذاتی طور پر خود ملکہ کے ونڈسر شاہی محل میں پہنچائیں گی۔
انھوں نے اپنے مخصوص انداز میں گھبراتے ہوئے کہا کہ ''یہ کیک میں انھیں جمعرات کو ان کی سالگرہ کے روز پیش کروں گی اور اس حوالے سے میں ابھی سے بہت گھبرائی ہوئی ہوں بلکہ فی الحال تو مجھے اپنے اوون کی طرف دیکھتے ہوئے بھی ڈر محسوس ہو رہا ہے''۔
گیارہ ہفتے پر مشتمل بیکنگ شو کے دوران نادیہ حسین کو سوشل میڈیا پر خاصی پزیرائی حاصل ہوئی تھی جہاں سوشل میڈیا کے صارفین کی طرف سے ان کی مخصوص گھبراہٹ ، بے ساختہ تاثرات اور دلکش مسکراہٹ والی شخصیت کو بےحد پسند کیا گیا۔
اپنی جیت کے بعد انھوں نے کہا تھا کہ میں اس مقابلے میں ابتداء سے گھبرائی ہوئی تھی اور خوف محسوس کرتی تھی کہ لوگ مجھے دیکھ کر یہ سوچیں گے کہ کیا ایک حجاب پہننے والی مسلمان خاتون کیک تیار کرسکتی ہے لیکن ہر ہفتے مجھے لوگوں نے یہ احساس دلایا کہ میں بیکنگ کرنا جانتی ہوں ۔
نادیہ حسین نے فائنل مقابلے کے لیے بگ فیٹ ویڈنگ کیک تیار کیا تھا اور اس کیک کی آرائش انھوں نے اپنے شادی کے زیورات اور اپنی سرخ اور نیلی ساڑھی کے ٹکڑے کے ساتھ کی تھی۔
ملکہ برطانیہ 21 اپریل کو 90 برس کی ہوجائیں گی۔
بکنگھم شاہی محل کی طرف سے جاری ہونے والے ایک فرمان میں کہا گیا ہے کہ ہر سال کی طرح ملکہ سالگرہ کا دن سرکاری رہائش گاہ ونڈسر محل میں گزاریں گی۔
سالگرہ کے جشن کی چار روزہ عوامی تقریبات کا سلسلہ 12سے 15 مئی تک ونڈسر محل کے ہوم پارک میں جاری رہے گا جہاں نامور فنکاروں، گلوکاروں اور رقصاؤں کی طرف سے پرفارمنسسز پیش کی جائیں گی۔
تقریب کے آخری دن ملکہ برطانیہ خود اس جشن میں شرکت کریں گی جسے برطانوی نشریاتی ادارے آی ٹی وی کی طرف سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔