رسائی کے لنکس

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات کا آغاز، لندن میں تدفین کے انتظامات


ملکہ الزبتھ کی وفات کے بعد شہزادہ ہیری نے اہلیہ میگھن اور شہزادہ ولیم نے اہلیہ کیٹ کے ساتھ ونڈسر کیسل میں ہفتے کو عوام کے سامنےایک ساتھ چہل قدمی کی۔
ملکہ الزبتھ کی وفات کے بعد شہزادہ ہیری نے اہلیہ میگھن اور شہزادہ ولیم نے اہلیہ کیٹ کے ساتھ ونڈسر کیسل میں ہفتے کو عوام کے سامنےایک ساتھ چہل قدمی کی۔

برطانیہ کی تاریخ میں طویل عرصے تک فرماں روا رہنے والی ملکہ الزبتھ دوم کے آخری سفر کا آغاز اتوار کو بیلمورل سے ہو رہا ہے، جہاں سے 70 برس تک ملکہ رہنے والی آنجہانی الزبتھ کے جسد خاکی کو 19 ستمبر کو تدفین کے لیے دارالحکومت لندن لے جایا جائے گا۔

ملکہ الزبتھ کے تابوت کو چھ اہل کار بیلمورل سے، جہاں ان کی موت جمعرات کو ہوئی تھی، لے کر اسکاٹ لینڈ کے علاقوں سے چھ گھنٹوں میں 175 میل کا سفر طے کرتے ہوئے ایڈنبرا کے ہولی روڈ ہاؤس پیلس لے جائیں گے۔

اس کے بعد نئے بادشاہ بننے والے چارلس اگلے ہفتے پیر کو ایک دعائیہ تقریب میں شرکت کے لیے ایڈنبرا جائیں گے، جس کے بعد ملکہ الزبتھ کی میت کو لندن روانہ کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ ملکہ کو آخری رسومات کے لیے لے جانے والے راستے پر عوام کی بڑی تعداد موجود ہو گی۔

اتوار کی صبح بیلمورل کے دروازوں کے باہر سوگواران کی طرف سے پھول اور دیگر تعزیتی پیغامات رکھے گئے۔

پرنس چارلز آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے سربراہ

ملکہ الزبتھ کی وفات کے بعد فرماں روا بننے والے پرنس چارلس اتوار کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دارالحکومتوں میں منعقد ہونے والی تقریبات کے بعد دونوں ممالک کے سربراہ بن گئے ہیں۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ اس تقریب کے ذریعے وہ تصدیق کرتی ہیں کہ کنگ چارلس سوئم نیوزی لینڈ کے سربراہ ہوں گے۔

جیسنڈا کا لوگوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ ملکہ کی وفات کے بعد نیوزی لینڈ تبدیلی کے وقت میں داخل ہو گیا ہے۔

آسٹریلیا میں برطانوی بادشاہت کے ترجمان گورنر جنرل ڈیوڈ ہرلے نے دارالحکومت کینبرا میں پرنس چارلس کو ریاست کا سربراہ تسلیم کیا۔

اس موقع پر کنگ چارلس کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

شہزادہ ہیری اور شہزادہ ولیم عوام کے سامنے

رواں ہفتے جمعرات کو ملکہ الزبتھ کی وفات کے بعد شہزادہ ہیری نے اپنی اہلیہ میگھن اور شہزادہ ولیم نے اپنی اہلیہ کیٹ کے ساتھ ونڈسر کیسل میں ہفتے کو عوام کے سامنے چہل قدمی کی، جس کے بعد دونوں بھائیوں کے درمیان صلح کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

برطانیہ کے نئے بادشاہ کنگ چارلس کے دونوں بیٹے جو 1997 میں کار حادثے کا شکار ہونے والی ان کی والدہ لیڈی ڈیانا کی وفات کے بعد ایک دوسرے کے بہت قریب تھے، حالیہ برسوں میں ایک دوسرے سے دور ہوئے ہیں جس کی ایک وجہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کا امریکہ منتقل ہونا بھی بتایا جاتا ہے۔ ان دونوں نے اپنے شاہی القابات بھی واپس کر دیے تھے۔

جس وقت ملکہ الزبتھ کی وفات ہوئی تو شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ کے ہمراہ برطانیہ کے دورے پر تھا۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے ذرائع نے اسے شاہی خاندان کے لیے دونوں بھائیوں میں اتحاد کا ایک اہم مظاہرہ قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں بھائی ایک ہی گاڑی سے اترے اور سب نے سیاہ لباس زیب تن کر رکھے تھے۔

XS
SM
MD
LG