رسائی کے لنکس

راکھی ساونت کا مسلمان سے شادی کے بعد نام تبدیل، بعض افراد نے ’لو جہاد‘ قرار دے دیا


راکھی ساونت نے اپنے نام میں اضافہ کیا ہے۔
راکھی ساونت نے اپنے نام میں اضافہ کیا ہے۔

بھارت میں تنازعات کا شکار رہنے والی مشہور اداکارہ راکھی ساونت نے ایک مسلمان سے شادی کرکے اپنا نام تبدیل کر لیا جب کہ بعض افراد ان کی شادی کو 'لو جہاد 'کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔

بھارت کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت نے اپنے دوست عادل خان درانی سے شادی کا اعلان کیا ہے۔ دونوں اکثر و بیشتر ساتھ نظر آتے تھے۔

راکھی ساونت سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں اور ان کو ایک بڑی تعداد میں لوگ فالو کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی میں آنے والی اس تبدیلی کا اعلان بھی سوشل میڈیا پر کیا۔

واضح رہے کہ راکھی ساونت کی جانب سے اپنی شادی کے اعلان سے قبل ہی سوشل میڈیا پر ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز زیرِگردش تھیں۔

سوشل میڈیا پر زیرِگردش ان تصاویر اور ویڈیوز میں راکھی ساونت کو دلہن کے لباس میں دیکھا جا سکتا تھا جب کہ عادل درانی شرٹ اور پینٹ میں ملبوس تھے۔

البتہ راکھی ساونت نے بدھ کو سوشل میڈیا پر وہی ویڈیوز اور تصاویر خود شیئر کیں۔ ان تصاویر میں ان کے نکاح اور رجسٹریشن کی کارروائی کی تصاویر بھی شامل ہیں ۔ ان دستاویزات میں نکاح کی تاریخ مئی 2022 جب کہ شادی رجسٹریشن کی تاریخ جولائی 2022 کی درج ہے۔

راکھی ساونت نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ''بالآخر میں بہت خوش اور پر جوش ہوں کہ میری شادی میری محبت کے ساتھ ہو گئی ہے۔''

انہوں نے اپنے شوہر عادل خان درانی سے بھی محبت کا اظہار کیا۔

ان کے شادی کے اعلان کے ساتھ ہی کئی مشہور شخصیات اور عام افراد نے ان کو مبارک باد دی۔

سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی دستاویزات میں سامنے آیا کہ اداکارہ نے اپنے نام کے ساتھ فاطمہ کا اضافہ کیا ہے اور نکاح نامے پر ان کا نام فاطمہ راکھی ساونت تحریر کیا گیا۔

عادل خان درانی کی عمر نکاح نامے پر 30 برس جب کہ فاطمہ راکھی ساونت نے 37 برس لکھی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راکھی ساونت نے سابق شوہر رتیش سے طلاق کے بعد عادل خان درانی سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔

عادل خان درانی میسور کے ایک کاروباری شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے راکھی ساونت سے اپنے تعلق کو کبھی نہیں چھپایا۔

خیال رہے کہ راکھی ساونت نے آخری بار بگ باس مراٹھی میں شرکت کی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اس بگ باس میں بھی شرکت کی تھی جو ہندی زبان میں نشر ہوتا ہے اور اس کی میزبانی مشہور اداکار سلمان خان کرتے ہیں۔ اسی شو میں شرکت کے بعد ان کی اپنے سابقہ شوہر سے علیحدگی ہو گئی تھی۔

راکھی ساونت کی مسلم شخص سے شادی کی وجہ سے ان پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

بعض افراد سوشل میڈیا پر ان کی شادی کو 'لو جہاد' قرار دے رہے ہیں۔

دائیں بازو کی ہندوتوا نواز تنظیمیں الزام لگاتی رہی ہیں کہ مسلم نوجوان ایک سازش کے تحت غیر مسلم لڑکیوں کو اپنی محبت میں پھنساتے ہیں جس کو ’لو جہاد‘ کا نام دیا جاتا ہے اور پھر ان لڑکیوں سے شادی کرکے جبراً ان کا مذہب تبدیل کرایا جاتا ہے۔ اس کام کے لیے خلیجی ملکوں سے ایک ایک نوجوان کو دس دس لاکھ روپے ملتے ہیں۔

تاہم تجزیہ کاروں اور تحقیقی رپورٹس تیار کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ یہ الزام بے بنیاد ہے اور آج تک اس کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا۔

XS
SM
MD
LG