رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا گرفتار، 90 روز کا ریمانڈ منظور


دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ نے کئی مسائل کا سامنا کرنے کے باوجود پارٹی کا یوم تاسیس منایا اور اس حوالے عزیز آباد کے جناح گراوٴنڈ میں بڑا جلسہ منعقد کیا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا کو رینجرز نے پیر کی صبح ان کے گھر سے حراست میں لے لیا اور کچھ گھنٹوں بعد ہی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا۔ جہاں ابتدائی کارروائی کے بعد عدالت نے انہیں 90 روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔

ان کی گرفتاری اور رینجرز کی تحویل میں دیے جانے کے بعد کراچی کی سیاسی صورتحال میں ایک بار پھر کچھ ہلچل دیکھی جارہی ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنما فاروق ستار نے الزام لگایا ہے کہ ایم کیو ایم کے ووٹ بینک کو توڑنے کیلئے گرفتاریاں کی جارہی ہیں جبکہ رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ شاہد پاشا کو حساس اداروں کی رپورٹ پر گرفتار کیا گیا، وہ ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں میں براہ راست ملوث ہیں۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ نے کئی مسائل کا سامنا کرنے کے باوجود پارٹی کا یوم تاسیس منایا اور اس حوالے عزیز آباد کے جناح گراوٴنڈ میں بڑا جلسہ منعقد کیا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلسے سے پارٹی رہنما الطاف حسین نے لندن سے ٹیلی فون پر خطاب کیا جس کا پارٹی رہنماوٴں اور ہزاروں کارکنوں نے خیرمقدم کیا۔

تاہم پیر کی صبح شاہد پاشاکی گرفتاری کے بعد معاملہ ایک مرتبہ پارٹی کے لئے فکرمندی کا باعث بن گیا۔ ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ رینجرز کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ تفتیش کیلئے ملزم کو رینجرز کے حوالے کیا جائے۔ عدالت نے یہ درخواست منظور کرتے ہوئے شاہد پاشا کو 90 روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔

رینجرزترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم سے ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی۔رینجرز کے لا آفیسر کے مطابق شاہد پاشا کو حساس اداروں کی رپورٹ پر گرفتار کیا گیا۔ ملزم ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں میں براہ راست جبکہ عسکری ونگ کی سرپرستی،اسلحہ فراہم کرنے اورسہولت کاری میں بھی ملوث ہے۔

ایم کیو ایم نے شاہد پاشا کی گرفتاری کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 21 مارچ کی صبح قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار شاہد پاشا کو گھر سے گرفتار کرکے لے گئے ۔ سیکورٹی اداروں کی جانب سے شاہد پاشا سے کسی کو بھی ملنے نہیں دیا جارہا۔

ایم کیو ایم اعلامیہ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ رینجرز اہلکاروں نے بغیر وارنٹ کے شاہد پاشا کے گھر پر چھاپہ مارا، گھر کی تلاشی لی اورانہیں اپنے ساتھ لے گئے۔

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ندیم نصرت نے شاہد پاشا کی گرفتاری کی مذمت کی ہے جبکہ ڈاکٹر فاروق ستار نے گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد پاشا کا نام کسی ایف آئی آر یا جے آئی ٹی میں شامل نہیں، ایم کیوایم کے ووٹ بینک کو توڑنے کے لئے گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔

فاروق ستار کا کہنا ہے کہ رواں ماں کے دوران ایم کیو ایم کے 40 کارکنوں اور حامیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ صفائی مہم کے دوران منتخب نمائندوں کوبھی گرفتارکرلیاگیا۔

یوم تاسیس پر جلسہ
متحدہ قومی موومنٹ نے جمعہ کو پارٹی کا 32 واں یوم تاسیس منایا ۔ اس حوالے سے جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں ایک جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔عوام کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت خود متحدہ کیلئے حیران کن تھی جس کا اظہار الطاف حسین نے اپنے خطاب کے دوران بھی کیا۔

چونکہ حالیہ دنوں میں الطاف حسین کی بیماری کے حوالے سے کافی خبریں گردش میں تھیں چنانچہ جلسے کے دوران الطاف حسین کو وڈیو لنک کی مدد سے ناصرف چلتے پھرتے دکھایا گیا بلکہ انہوں نے لندن سکریٹریٹ میں کار کنوں کے ساتھ خوشی میں رقص بھی کیاجبکہ خطاب کے دوران وہ ہشاش بشاش بھی نظرآئے۔

لندن اور پاکستان میں بیک وقت 37سے زائد مقامات پر ویڈیولنک کے ذریعے الطاف حسین کا خطاب سنا گیا۔اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ بالکل ٹھیک اور صحت مند ہیں ۔

الطاف حسین نے اپنے خطاب کے دوران جنرل راحیل شریف اورمسلح افواج کی جانب ایک مرتبہ پھر دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے پیشکش کی کہ پاکستان کی سلامتی ، بقاء اور ترقی کیلئے ماضی کو فراموش کردیاجائے اور مہاجروں کا ہاتھ تھام کر انہیں گلے لگایاجائے۔

XS
SM
MD
LG