رسائی کے لنکس

معیشت، امریکہ کے صدارتی انتخابی مباحثوں کا اہم موضوع


ریپبلکن امیدواروں کے خیال میں صدارتی مباحثوں میں ان سے بڑی کارپوریشنز اور ملک کی مالیاتی پالیسیوں کے خلاف کئے جانےو الے مظاہروں پر بھی سوال پوچھے جائیں گے ۔

امریکہ میں اگلے سال کے صدارتی انتخابات کے لئے ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی جیتنے کے لئے امیدواروں کی کوششیں جاری ہیں ۔ ماہرین کو توقع ہے کہ امریکی معیشت کی صورتحال ہی اس سلسلے میں ہونے والے مباحثوں کا موضوع رہے گی اور اسی امیدوارکی کارکردگی تسلی بخش سمجھی جائے گی ، جس کے پاس امریکہ کومعاشی مشکلات سے نکالنے کی قابل عمل تجاویز ہونگی ۔

ریپبلکن صدارتی امیدواروں کو یقین ہے کہ ان مباحثوں میں ان سے امریکہ بھر میں ہونےو الے ان مظاہروں کے بارے میں سوال پوچھے جائیں گے ، جو بڑی کارپوریشنز اور ملک کی مالیاتی پالیسیوں کے خلاف کئے جا رہے ہیں اور جن کا دائرہ اتنا وسیع ہو چکا ہے کہ صدر اوباما بھی ان کا نوٹس لینے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔

ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی جیتنے کے خواہش مند ہر مین کین نے حال ہی میں اسی موضوع پر امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل سے بات کی ۔ ان کا کہناتھا کہ وال سٹریٹ کو الزام مت دیں ، بڑے بینکوں کو الزام مت دیں ۔ اگر آپ کے پاس کوئی ملازمت نہیں ہے ، آپ امیر نہیں ہیں تو اپنے آپ کو الزام دیں ۔

امریکی ریاست جارجیا سے تعلق رکھنے والے ہرمین کین کی غیر معروف کاروباری شخصیت کو رائے عامہ کے کچھ حالیہ جائزوں میں مقبولیت کے لحاظ سے پہلے اور دوسرے نمبر پر قرار دیا گیا ہے ۔

تجزیہ کار پیٹر براؤن کہتے ہیں کہ ہر مین کین ریپبلکن پارٹی کے حامیوں میں شامل ان لوگوں کی پسندیدہ شخصیت ہیں ، جو ٹی پارٹی تحریک کے حامی ہیں ، وہ ایک اچھے مقرر ہیں اور انہیں کاروبارکا تجربہ ہے ۔

ریاست میسا چوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی ریپبلکن امیدواروں کی مقبولیت کے حالیہ جائزوں میں سر فہرست ہیں ۔ اور بار بار اپنے کاروباری پس منظر کا حوالہ دیتے ہیں ۔ جیسا کہ ان کے ریاست فلوریڈا کے حالیہ دورے میں دیکھا گیا ۔

ان کا کہنا ہے کہ میں معیشت کو درست راہ پر لے آؤں گا کیونکہ یہی میرا کام ہے ۔ میں معیشت کو بالکل ٹھیک کردوں گا ۔

مٹ رومنی اور ہرمین کین دونوں کو ٹیکساس کے گورنر رک پیری کی مقبولیت میں معمولی کمی سے کچھ فائدہ ہوا ہے ۔

کوئینی پیاک یونیورسٹی کے مرتب کردہ رائے عامہ کے ایک حالیہ جائزے کے مطابق صدر اوباما کی مقبولیت میں بھی کمی آئی ہے ۔ اس جائزے کے لئے جتنے لوگوں سے بات کی گئی ، ان میں سے پچپن فیصد نے صدر اوباما کی کارکردگی سے مایوسی طاہر کی ۔

پیٹر براؤن کہتے ہیں کہ صدر اوباما کے لئے بری خبر یہ ہے کہ ان کی اپنی پارٹی کے لوگوں کو بھی یقین نہیں کہ ایک سال کے اندر امریکی معیشت بہتر ہو جائے گی ۔ اور ووٹروں کی دلچسپی صرف اسی بات میں ہے ۔ انہیں ایسا امیدوار چاہئے جو معیشت کو درست کرکے ان کی زندگی بہتر بنا سکے ۔

XS
SM
MD
LG