فلم ساز کرن جوہر کی رومینٹک کامیڈی ڈرامہ فلم 'روکی رانی کی پریم کہانی' نے پہلے ہی ویک اینڈ پر بھارت سے 45.9 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے جب کہ فلم نے دنیا بھر سے 88.4 کروڑ روپے کمائے ہیں۔
بھارتی اخبار 'انڈین ایکسپریس' نے میڈیا کمپنی 'سیک نلک' کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فلم نے ریلیز کے پہلے روز یعنی جمعے کو بھارت سے 11 کروڑ روپے کمائے جب کہ دوسرے روز 16 اور تیسرے روز 19 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔
'روکی رانی کی پریم کہانی' کی ہدایات کرن جوہر نے دی ہیں جب کہ اس میں اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
فلم کی کہانی روکی (رنویر) اور رانی (عالیہ) کے گرد گھومتی ہے جن کے خاندان ایک دوسرے سے بے حد مختلف ہوتے ہیں۔
روکی اور رانی کو ایک دوسرے سے محبت ہو جاتی ہے اور ان کے اس رشتے کو گھر والوں کی طرف سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
'انڈین ایکسپریس' کے مطابق 'روکی رانی کی پریم کہانی' رواں برس کے ویک اینڈ پر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بالی وڈ فلموں میں چوتھے نمبر پر آ گئی ہے۔
ان فلموں کی فہرست میں پہلے نمبر پر شاہ رخ خان کی فلم 'پٹھان'، دوسرے نمبر پر سلمان خان کی فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان' اور تیسرے نمبر پر پرابھاس کی فلم 'آدی پرش' ہے۔
مووی کریٹک کمال آر خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں تبصرہ کیا کہ "روکی رانی کی پریم کہانی نے اس ویک اینڈ پر 45 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ فلم 100 کروڑ روپے تک کما سکتی ہے جو ایک ہٹ فلم کی نشاندہی کرتی ہے۔"
ایک اور نقاد ترن آدرش نے فلم کو چار اسٹارز دیے ہیں اور اسے تفریحی سے بھر پور فلم قرار دیا ہے۔
فلمی تجزیہ کار 'جیمس آف بالی وڈ' نے فلم پر تنقید کرتے ہوئے اسے بے کار قرار دیا۔
بالی وڈ میں 11 اگست کو دو بڑی فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں جن میں اکشے کمار کی 'او ایم جی ٹو' اور سنی دیول کی 'غدر ٹو' شامل ہیں۔