رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کے بلے باز روس ٹیلر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کے اسٹار کرکٹر روس ٹیلر نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیلر 17 برس تک کیویز ٹیم کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔

ٹیلر نے جمعرات کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ موسمِ گرما میں بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز، آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے خلاف ہونے والے چھ ایک روزہ میچز کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

روس ٹیلر تینوں فارمیٹس میں 18 ہزار 74 رنز کے ساتھ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بیٹر ہیں۔

مارچ 2006 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے روس ٹیلر نے 233 میچز میں 8581 رنز بنائے جس میں 21 سینچریاں اور 51 نصف سینچریاں شامل ہیں۔

ٹیلر نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ون ڈے سینچریاں بنانے والے بیٹر ہیں جب کہ تمام فارمیٹس میں ان کی سینچریوں کی تعداد 40 ہے۔

ٹیلر نے 110 ٹیسٹ اور 102 ٹی ٹوئنٹی میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی جس میں بالترتیب 7584 اور 1909 رنز بنائے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 19 سینچریاں اور 35 نصف سینچریاں بھی بنائیں۔

روس ٹیلر نے کسی بھی ملک کی جانب سے پہلی بار تمام تین فارمیٹس میں سو سے زیادہ میچز کھیلے ہیں۔ وہ رواں برس لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے یاہو اسپورٹس آسٹریلیا سے بات کرتے ہوئے روس ٹیلر سے متعلق کہا کہ وہ ایک ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں۔

ٹوئٹر پر کرکٹ کی بائبل کہلائے جانے والے رسالے 'وزڈن' کے منیجنگ ایڈیٹر بین گارڈنر نے لکھا کہ 2012 کے سری لنکا کے دورے سے پہلے انہیں نجی طور پر بتا دیا گیا تھا کہ انہیں اس دورے کے بعد کپتانی سے ہٹا دیا جائے گا۔ روس ٹیلر نے دوسرے ٹیسٹ کے دوران 216 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کے سابق آنجہانی کپتان مارٹن کرو نے ٹیسٹ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے لیے اس بہترین اننگز قرار دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG