جمعے کے روز روس کے دارالحکومت ماسکو کے قریب ایک کراسنگ پر ایک مسافر ٹرین ایک بس سے ٹکرا گئی جس سے کم ازکم 16 افراد ہلاک ہو گئے۔
تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بس میں ازبکستان کے مزور سوار تھے۔ ٹرین سے ٹکرانے کے بعد بس پٹری سے کئی سو میٹر دور جا گری۔
روس کے ایک چینل روسیا 24 ٹی وی نے اپنی ایک رپورٹ میں حادثے کا شکار ہونے والی بس کی فوٹیج دکھائی ہے جس میں بس کے ٹکڑے بکھرے پڑے ہیں۔
حادثے میں بظاہر ٹرین کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ریلوے کے ایک ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ بس ریل کی پٹری پر رک گئی تھی۔
کچھ لوگوں کا کہنا کہ مسافر دھکا لگا کر بس کو پٹری سے ہٹانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک ٹرین پہنچ گئی اور بس کو گھسیٹتے ہوئے دور تک لے گئی۔
روس کے خبررساں اداروں نے بتایا ہے کہ اگرچہ بس پر ازبکستان کے مزور سوار تھے لیکن بس کی نمبر پلیٹ قازقستان کی تھی۔