روس کی طرف سے طویل خشک سالی کے باعث گندم کی برآمد پرپابندی کا اعلان کے بعدامریکہ میں گندم کی قیمتیں دوسالوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
شکاگو میں تقریباً 27کلوگرام گندم کی قیمت 7.85ڈالر ہوگئی ہے۔اس روسی اقدام سے دنیا میں روٹی، سیریل اور جانوروں کی خوراک کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔
روسی وزیر اعظم ولادمرپوٹن کے حکم کے مطابق یہ پابندی 15اگست سے نافذالعمل ہوگی اور سال کے آخر تک برقرار رہے گی۔ پوٹن کے بقول اس اقدام کا مقصد ملک میں خوراک اور مویشیوں کی قیمتوں پر قابو رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ روس میں جاری طویل خشک سالی،گرمی کی لہر اور جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث حکومت نے اپنے پیداواری ہدف میں 20فیصد کمی کی پیش گوئی کی ہے۔ آتشزدگی کے باعث اب تک ہزاروں گھر جل کر راکھ ہوگئے ہیں جب کہ اس میں 50افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
گرمی کی لہر کے باعث ماسکو کوشدید گرم موسم کا سامنا ہے جب کہ جنگلات کی آتشزدگی کے باعث مضرصحت دھوئیں کے بادلوں نے بھی وسیع علاقے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔