روس کی پیش قدمی سست روی کا شکار
یوکرین کی فوج نے جمعرات کو روس کے اسپیشل آپریشن کے حوالے سے تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ روسی افواج کی کیف کی جانب پیش قدمی انتہائی سست روی کا شکار ہو چکی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ روسی افواج کی ڈونیسک، سلوبوزینسکی اور تویرج میں بھی پیش قدمی نہیں ہو رہی۔
واضح رہے کہ روس کی یوکرین کے خلاف جارحیت کو دو ہفتے ہو چکے ہیں۔
یوکرین کے جنر اسٹاف آف آرمڈ فورسز کی رپورٹ کے مطابق روس کی فورسز نے آگے بڑھنے کی رفتار کم کر دی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ روسی اہلکاروں کی حوصلے پست ہو چکے ہیں۔
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ لوٹ مار کی وارداتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔
یوکرین کے کھلاڑیوں کی امن کی اپیل
چین کے دارالحکومت میں جاری بیجنگ وینٹر پیرالمپکس میں شریک یوکرین کے کھلاڑیوں اور دیگر آفیشلز نے اپنے ملک میں امن کے قیام کی اپیل کی ہے۔
جمعرات کو یوکرین کے ان کھلاڑیوں اور دیگر افراد نے ایک بینر کے ساتھ تصویر جاری کی جس پر امن کے قیام کا مطالبہ درج تھا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ ان افراد نے یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کیا۔
یوکرین آن لائن ڈیٹا محفوظ بنانے کے لیے متحرک
یوکرین کوشش کر رہا ہے کہ وہ روس سے اپنی آن لائن معلومات اور سرورز کو محفوظ بنا سکے۔
خبر رساں ادارے ’ رائٹرز‘ کے مطابق سائبر سیکیورٹی کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ یوکرین کی حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے کہ روس کی افواج کی ملک میں زیادہ اندر تک آنے کی صورت میں ڈیٹا اور سرورز کو بیرونِ ملک منتقل کیا جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے متعلقہ محکمے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔
یوکرین کے شہر ماریپول میں اسپتال پر حملے کے بعد کے مناظر
یہ تباہی کے مناظر یوکرین کے شہر ماریپول کے اسپتال کے ہیں جہاں روسی افواج کے حملے کے نتیجے میں عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کی افواج نے میٹرنٹی اسپتال کو نشانہ بنایا ہے جس کے سبب نومولود سمیت کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کب تک اس دہشت کو نظرانداز کرتی رہے گی۔