روس کا یوکرین کے سب سے بڑے فوجی اڈے پر حملہ
یوکرین کا کہنا ہے کہ روس نے اتوار کی صبح مغربی حصے میں پولینڈ کی سرحد کے قریب قائم ملٹری بیس پر میزائل حملہ کیا ہے۔
امریکی اخبار 'نیو یارک ٹائمز' کے مطابق یوکرین کے دفاعی نظام نے کچھ میزائلوں کو تو تباہ کیا جب کہ باقی میزائل ملٹری بیس پر گرے۔ تاہم حکام کی جانب سے نقصانات کی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔
پولینڈ میں نیٹو فورسز مذکورہ مقام سے صرف 25 کلومیٹر کے فاصلے پر تعینات ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کے مغربی حصے میں قائم یہ یوکرین کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے۔
یوکرین نیٹو کے ساتھ اکثر مشقیں یہاں منعقد کرتا ہے۔
روس پر پابندیوں سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن خطرے میں ہے: ماسکو کا انتباہ
روس کی خلائی ایجنسی کے سربراہ دیمتری روگوزین نے انتباہ کیا ہے کہ روس کے خلاف مغربی پابندیوں کی وجہ سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تباہ ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا کہ اس کو بچانے کے لیے پابندیوں کو اٹھانا ہو گا۔
دیمتری روگوزین کے مطابق پابندیوں سے روسی خلائی جہاز کی سروسنگ میں خلل پڑ سکتا ہے۔ اس اسٹیشن کا روسی خلائی حصہ مدار کو درست رکھنے کا کام کرتا ہے۔
اُن کے بقول پابندیوں کے نتیجے میں اس کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور پانچ سو ٹن وزنی ڈھانچہ نیچے زمین پر گر سکتا ہے۔
روگوزین نے پچھلے ماہ بھی پابندیوں کے حوالے سے اسی قسم کا انتباہ کیا تھا۔
روس نے کینیڈا اور یورپی خلائی ایجنسیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ روس پر عائد پابندیاں ہٹا لیں۔
مشکل سفر طے کرکے یوکرین سے پولینڈ پہنچنے والوں کی روداد
روس کے یوکرین پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال کے باعث اب تک لاکھوں لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر لوگ پڑوسی ملک پولینڈ پہنچے ہیں۔ اپنا گھر بار چھوڑ کر مشکل سفر طے کرنے والے افراد کی کہانی دیکھیے اس ویڈیو میں۔