جیک سلیوان کی چینی اہلکار سے ملاقات، یوکرین کے خلاف روسی جارحیت پر تفصیلی بات چیت
امریکی محکمہ خارجہ کے لیے وائس آف امریکہ کی نامہ نگار نائکی چنگ کی رپورٹ کے مطابق، محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ان کا محکمہ چین اور دیگر ملکوں کی نگرانی کر رہا ہے کہ آیا وہ روس کو مالی یا کوئی دیگر حمایت تو فراہم نہیں کر رہے۔
امریکہ کے مشیر برائے قومی سلامتی جیک سلیوان نے پیر کے روز اٹلی کے شہر روم میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کی پولٹ بیورو کے رکن اور خارجہ امور کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر، یانگ جیچی سے ملاقات کی۔ ان کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق، مسٹر سلیوان نے امریکہ چین تعلقات سے متعلق متعدد معاملات اٹھائے، خاص طور پر یوکرین کے خلاف روس کی لڑائی پر تفصیلی بات کی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں نے امریکہ اور چین کے مابین رابطے جاری رکھنے کی اہمیت اجاگر کی۔
پابندیوں کے باعث بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں روبلز میں کی جا سکتی ہیں، روس
روس کی وزارت خزانہ نے پیر کے روز کہا ہے کہ اس نے غیر ملکی کرنسی کے قرضوں کی ادائیگی کے لیے ایک عبوری طریقہ کار کی منظوری دی ہے؛ اور خبردار کیا کہ اگر تعزیرات کی وجہ سے بینکوں کو کرنسی کے معاملے پر مشکل پیش آئی تو یہ ادائیگیاں روبلز میں کی جائیں گی۔
ایک بیان میں وزارت خزانہ نے بتایا کہ روس کے پاس قرضوں کی ادائیگی کے لیے کافی فنڈز موجود ہیں، لیکن اس نے حکومت اور مرکزی بینک کے غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کی مغربی ملکوں کی پابندیوں پر تنقید کی، جس کا مقصد، بقول اس کے، عدم ادائیگی کا مصنوعی بحران پیدا کرنا ہے۔
کیف میں 9 منزلہ عمارت پر شیلنگ
یوکرین کے ایک مقامی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے دارالحکومت کیف میں ایک 9 منزلہ رہائشی عمارت پر شیلنگ کی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت میں آگ بھڑک رہی ہے اور فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
روس اور یوکرین کے درمیان پیر کو مذاکرت شیڈول
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کے مشیر مخیلو پدویک نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات دوبارہ ہو رہے ہیں جو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہوں گے اور یہ بلاتعطل جاری رہیں گے۔
یوکرین کے صدر کے مشیر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ بہت سے مسائل پر مسلسل توجہ کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں پیر کو ہونے والے مذاکرات میں ان ابتدائی نتائج کو یکجا کیا جائے گا جو اس سے قبل مذاکرات کے دوران طے پائے گئے تھے۔