یوکرین پر سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس، ویڈیو لنک کے ذریعے زیلنسکی بھی خطاب کریں گے
یوکرین کے بحران پر منگل کو پہلی بار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے باضابطہ اجلاس کا آغاز ہوا۔ اجلاس میں عالمی ادارے کے سربراہ اینتونیو گیٹرس؛ اقوام متحدہ کی سیاسی سربراہ روزمیری ڈی کارلو اور اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے امور کے سربراہ مارٹن گرفتھس کی بریفنگز کے بعد یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی بھی خطاب کریں گے۔
اجلاس میں روسی افواج کے ہاتھوں یوکرین میں شہری آبادی کی دانستہ ہلاکتوں پر بات چیت کی جائے گی۔
اقوام متحدہ میں وائس آف امریکہ کی نامہ نگار، مارگریٹ بشیر سلامتی کونسل کی کارروائی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ براہ راست ملاحظہ کیجیے:
روس کو سزا دینے کے لیے تعزیرات کے پانچویں پیکیج پرعمل درآمد کی تجویز
یورپی یونین کمیشن کی صدر، ارسولا وان ڈر لیان نے منگل کے روز تجویز دی ہے کہ روس کے خلاف تعزیرات کا پانچواں پیکیج نافذ کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ یوکرین میں روس ''ایک سفاکانہ اور سنگدلانہ لڑائی'' جاری رکھے ہوئے ہے۔
ٹوئٹر پر ایک ویڈیو کلپ میں انھوں نے چھ نئے اقدامات کی نشاندہی کی، جن میں روس سے کوئلہ درآمد کرنے پر پابندی عائد کرنا، روس کے تین کلیدی بینکوں سے لین دین مکمل طور پر بند کرنا، یورپی یونین کی بندرگاہوں اور سڑکوں پر روسی ٹرانسپورٹروں کو رسائی نہ دینے کا اقدام اور ساتھ ہی تیکنیکی اور مکینیکل شعبہ جات میں برآمدات پر بندش عائد کرنا شامل ہو۔
یوکرین بحران پر نیٹو وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس
یوکرین کے بحران پر نیٹو رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات سے پہلے نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے منگل کو ایک پریس بریفنگ سے خطاب کیا۔
یہ دو روزہ اجلاس بدھ اور جمعرات (اپریل چھ اور سات) کو نیٹو صدر دفتر برسلز میں ہو رہا ہے جس کی صدارت اسٹولٹن برگ کریں گے۔
روس کے ساتھ مذاکرات واحد آپشن مگر بات چیت ایک چیلنج ہے، زیلنسکی
یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی نےکہا ہے کہ روس کے ساتھ مذاکرات ہی ان کے ملک کے لیے واحد آپشن ہے۔
لیکن ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بات چیت کا امکان اب ایک "چیلنج" ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق قومی ٹیلی ویژن پر بات کرتے ہوئے زیلنسکی نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ وہ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن ذاتی طور پر بات چیت نہیں کریں گے۔